Tuesday, May 7, 2024
Homesliderچیف منسٹر کی جانب سے 5 لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان ،...

چیف منسٹر کی جانب سے 5 لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان ، محمودعلی کا اسکریپ گودام کا دورہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ سکندرآباد کے  علاقے بھوئی گوڈا میں ایک اسکریپ گودام میں کام کرنے والے بہار کے 11 تارکین وطن مزدوروں کی موت پر تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے غم کا اظہار کیا  اور چیف منسٹر نے سکندرآباد  واقعہ  میں مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ہے۔ بہاری مہاجر مزدوروں کی موت پر تعزیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو ہدایت دی کہ وہ مرنے والوں کی لاشوں کو ان کے آبائی مقامات پر لے جانے کے انتظامات کریں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ریاستی حکومت ہر ممکنہ تعاون کرے گی ۔

علاوہ ازیں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر تلسانی سرینواس یادو موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی ۔ وزیر نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں صبح سویرے ہونے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں ریاستی وزیر داخلہ محمود علی نے بھی مقام حادثہ کا دورہ کیا  اور مرنے والوں کے افراد خاندان کےلئے تعزیتی بیان میں غم کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور وہ مرنے والوں کے افراد خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

آتشزدگی کا واقع کیوں رونماہوا اس کی تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں ڈی سی پی (سنٹرل زون) ایم راجیش چندرا نے کہا کہ انہوں نے 11 لاشیں جلی ہوئی اور ناقابل شناخت حالت میں برآمد کی ہیں اور دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔معلوم ہوا کہ یہ کارکن اسکریپ گودام  میں  مزدوری  پر کام کر رہے ہیں جو G+1 ڈھانچے میں واقع ہے۔ گودام گراؤنڈ فلورپر واقع ہے جبکہ  مزدور پہلی منزل پر رہتے ہیں اور پہلی منزل  میں  رسائی کےلئے گودام سے ہی ایک داخلی راستہ ہے۔چہارشنبہ  کی صبح تقریباً 4 بجے گودام میں آگ لگ گئی جیسا کہ گودام اسکریپ سامان  سے بھرا ہوا تھا اور آگ تیزی سے پھیل گئی  اور پھر گراؤنڈ فلورکو بھی اپنی لپٹ  میں لے لیا جہاں مزدورسو رہے تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ چونکہ پہلی منزل تک کوئی اور داخلی یا خارجی راستہ نہیں ہے اس لیے مزدور آگ میں پھنس گئے تھے اور وہ زندہ جل گئے ۔