Friday, May 17, 2024
Homesliderڈیزل کی روایتی بسوں کو برقی بسوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

ڈیزل کی روایتی بسوں کو برقی بسوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی)  روایتی ڈیزل بسوں کو الیکٹرک بسوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور  اپنے منصوبے  کو روبہ عمل لانے کے لئے  ڈیزل انجنوں کو بجلی سے چلانے اور دیگر حصوں اور ضروری تبدیلیوں کے لئے خانگی جماعتوں سے مذاکرات  کررہی ہے۔ اس وقت ٹی ایس آر ٹی سی کے گریٹر حیدرآباد زون ایرپورٹ کے راستے پر 40 مکمل طور پر برقی بسیں چلارہا ہے ۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر (جی ایچ زیڈ) وی وینکٹیشورلو نے کہا کہ کارپوریشن اس تجویز کے بارے میں آٹوموٹو ریسرچ اسوسی ایشن آف انڈیا (اے آر اے آئی) اورمحکمہ ٹرانسپورٹ سے ضروری منظوریوں اور سند کے منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی بسوں کو برقی بسوں میں تبدیل کرنے کے  اس اقدام کے نتیجے میں بڑی بچت ہوگی۔اے آر اے آئی ایک خود مختار ادارہ ہے جو وزارت ہیوی انڈسٹریز اینڈ پبلک انٹرپرائزز سے وابستہ ہے اور یہ ایک پرائمری ٹیسٹنگ اینڈ سرٹیفیکیشن ایجنسی ہے۔

اس سے قبل  آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ڈیزل بسوں کو بیٹری کی تبادلہ کرنے والی ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا ہے  اور تجرباتی بنیاد پر ترومالا گھاٹ سڑکوں پر چلائی ہیں۔ تجربہ  کامیاب ہونے کے ساتھ ٹی ایس آر ٹی سی نے شہر کی سڑکوں پر برقی بسوں کو چلانے کے لئے اسی ٹکنالوجی کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا اس ضمن میں ایک مرتبہ جب مذاکرات  اور رسمی مراحل طے ہوجائیں ، بس باڈی مینوفیکچررز جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے دو ڈیزل بسوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار شروع کردیں گے۔وینکٹیشورلو کے مطابق  ڈیزل استعمال کرتے ہوئے آر ٹی سی خدمات  میں ہر بس کے لئے فی کلومیٹر 17 روپے خرچ کررہی ہےاس کے برعکس  بجلی کے بسوں پر اخراجات صرف 6 روپے تک آ جائیں گے ، ایندھن کی قیمتیں بڑھنے اور کارپوریشن کے لئےمسائل پیدا ہونے کے بعدآرٹی سی نے ڈیزل بسوں کو بجلی سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دریں اثنا ، 40 برقی بسیں  جنہیں شہر کے لئے بسوں کی ٹیم  میں شامل کیا گیا ہے  ان کے متعلق  مسافروں کی جانب سے اچھے ردعمل کا اظہار کیا  جارہا  ہے ۔ آر ٹی سی ہر بس میں الیکٹرک بسوں کے ذریعے فی کلومیٹر 37 روپے کما رہی ہے اور ایرپورٹ  جانے والے مسافروں کی ضروریات کو پورا کررہی ہے۔