Monday, May 20, 2024
Homeبیناتsportsڈی ویلیئرز کی عدم شمولیت پر کوئی افسوس نہیں : لنڈا زوندی

ڈی ویلیئرز کی عدم شمولیت پر کوئی افسوس نہیں : لنڈا زوندی

- Advertisement -
- Advertisement -

جوہانسبرگ ۔ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کے سلیکشن کنوینر لنڈا زوندی نے کہا کہ سبکدوش بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز کی جانب سے ورلڈ کپ کھیلنے کی پیشکش کو مسترد کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں اب تک 3 میچ ہار چکی جس کے بعد سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز کی ٹیم میں شرکت کی پیشکش کو مسترد کیے جانے پر جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ پر تنقید کی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لنڈا زوندی نے کہا ہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کی عالمی کرکٹ سے سبکدوشی منسوخ کرنے کی پیشکش جنوبی افریقی اسکواڈ کے اعلان سے 24 گھنٹوں پہلے آئی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے پورے سال میں کبھی بھی انتخاب کے لیے اپنی دستیابی ظاہر نہیں کی تھی۔ ہمارے پاس کوئی متبادل نہیں تھا جب مجھے ان کی پیشکش کی خبر ملی تو ہمارے اسکواڈ کا فیصلہ کیا جاچکا تھا۔ سلیکشن کنوینر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اے بی ڈی ویلیئرز دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں تاہم ہمیں اپنے اصولوں کی پاسداری کرنی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہمیں اپنے فیصلے پر کوئی افسوس نہیں۔

واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے کیمپ کا بھی حصہ نہیں رہے تھے اور انہوں نے اسکواڈ کا حصہ ہونے کا اعلان آخری لمحات میں کیا تھا۔ لنڈا زونڈی نے کہا کہ میں نے 2018 میں اے بی ڈی ویلیئرز سے سبکدوش نہ ہونے کی گزارش کی تھی اور انہیں ورلڈ کپ کے لیے خود کو تیار کرنے کا کہا تھا۔ ہم نے یہ واضح کردیا تھا کہ انتخاب کے لیے انہیں سری لنکا اور پاکستان کے خلاف میچز کھیلنے ہوں گے تاہم انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے پریمیئر لیگ میں کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز نے ہماری پیشکش مسترد کی اور کہا تھا کہ وہ اپنے سبکدوشی کے فیصلے سے مطمئن ہیں۔

خیال رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز گزشتہ سال مئی کے مہینے میں سبکدوش ہوئے تھے تاہم اسکے بعد انہوں نے ٹی 20 لیگز میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے 2015 میں جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ اسکواڈ کی کپتانی بھی کی تھی جو سیمی فائنل تک پہنچنے کے بعد نیوزی لینڈ سے شکست کھا کر ٹورنمنٹ سے باہر ہوئی تھی۔