Monday, May 13, 2024
Homesliderکانپور میں کار سے 22 لاکھ نقد رقم برآمد

کانپور میں کار سے 22 لاکھ نقد رقم برآمد

- Advertisement -
- Advertisement -

کانپور (اتر پردیش)۔اترپردیش کے انتخابات کا جہاں بگل بج چکا ہے وہیں ریاست میں غیر قانونی سرگرمیوں پرنظر رکھی جارہی ہے اور آئے دن گاڑیوں سے لاکھوں روپئے نقد ضبط کئے جارہے ہیں  اور اب تازہ ترین واقعہ میں ایک کار سے 22 لاکھ روپئے نقد رقم ضبط کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے بموجب  کانپور پولیس نے ایک نامور کمپنی کی کار سے 22 لاکھ روپے ضبط کیے ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا یہ نقدرقم انتخابات کے لیے تھی۔یادرہے کہ  ہفتہ کو پولیس نے بی ایس پی لیڈر کے بھتیجے کی کار سے 50 لاکھ روپے ضبط کرنے کے چند دن بعد یہ بات سامنے آئی ہے۔ پولیس کے مطابق کمپنی کے ملازمین معاون دستاویزات نہیں دکھا سکے اور نقد رقم کے حوالے سے بھی قابل اطمینان  جواب دینے میں ناکام رہے۔ پولیس نے پوری رقم ضبط کر لی ہے اور اسٹیٹک سرویلنس ٹیم کو بھی بلایا ہے۔ پیر کی سہ پہر، فضل گنج پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم چار کھمبا کوان کراسنگ پر ماڈل ضابطہ اخلاق کی تعمیل میں گاڑیوں کی چیکنگ مہم چلا رہی تھی۔

مہم کے دوران پولیس نے ایک کار کی تلاشی لی اور 22 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔ فضل گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج دیویندر کمار دوبے نے بتایا کہ گاڑی شہر کی ایک معروف کمپنی  کی ہے۔ کمپنی کے کیشیئر پاون شکلا اور دو گارڈ رام کمار سنگھ اور ہری پال سنگھ گاڑی میں نقد رقم  لے کر جا رہے تھے۔ پولیس نے کہا جب ان سے برآمد شدہ نقدرقم  کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا تو وہ تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔ انہوں نے صرف اتنا کہا کہ رقم کمپنی کی ہے لیکن کوئی معاون دستاویزات فراہم نہیں کر سکے۔ نقدرقم  برآمد ہونے کے بعد فلائنگ اسکواڈ اور اسٹیٹک سرویلنس ٹیم کو بلایا گیا۔ کمپنی کی جانب سے معاون دستاویزات پیش کرنے کے بعد ہی نقد رقم جاری کی جائے گی۔