Thursday, May 16, 2024
Homesliderکانگریس کوممبئی میں بھی اندرونی انتشار کا سامنا

کانگریس کوممبئی میں بھی اندرونی انتشار کا سامنا

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ مرکزی سطح پر قیادت میں تبدیلی کے معاملے سے پریشان  کانگریس اب پنجاب، راجستھان، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کے بعد ممبئی میں بھی اندورنی خلفشار کا سامنا کررہی ہے ۔ممبئی کانگریس کے سینئر لیڈر وشوا بندھو رائے نے پارٹی صدرسونیا گاندھی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ شمالی ہند کے لوگوں کی پریشانی کو نظر انداز کررہے ہیں اور جب ان کے ساتھ ظلم و زیادتی ہوتی ہے تو کانگریس آواز تک نہیں اٹھاتی۔

انہوں نے کہا کہ بھائی جگتاپ نے شمالی ہندوستانی پنچایت کی شروعات کی ہے لیکن اس سلسلے میں شمالی ہند کے رہنماؤں سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا اور انہیں نظراندازکیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ہرروز شمالی ہندوستان کے لوگوں کو ہراساں کیا جاتا ہے لیکن پارٹی میں ان کی تکلیف کے حوالے سے کوئی بھی بات نہیں سنی جاتی۔ شمالی ہندوستان سے وابستہ لیڈروں کی بات کو دبا دیا جاتا ہے اور ان کے مطالبات کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔

رائے نے مزید کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جلد ہونے والے ہیں۔ شمالی ہندوستان کے لوگ بی ایم سی سے سب سے زیادہ پریشان ہیں ، پھر بھی ریاستی صدر خاموش رہتے ہیں ۔ حال ہی میں لاک ڈاون کے دوران شمالی ہندوستانیوں کو مارا پیٹا گیا لیکن ریاستی صدر نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے پارٹی کے انچارج ایچ سی پاٹل کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں نہ مراٹھی آتی ہے اور نہ ہندی تو وہ لوگوں کے مسائل کیسے سنیں گے ۔

یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شمالی ہندوستانیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور ریاست کے علاوہ خاص کر ممبئی میں شمالی ہندوستان کے شہریوں سے سوتیلا سلوک کئے جانے کی آئے دن شکایت منظرعام پر آتی ہیں۔