Monday, May 20, 2024
Homeٹرینڈنگکجریوال ، سسوڈیا اور 11 ایم ایل ایز کو دہلی کورٹ کا...

کجریوال ، سسوڈیا اور 11 ایم ایل ایز کو دہلی کورٹ کا سمن

 1,300 صفحاتی چارج شیٹ۔پولیس نے الزام عائد کیا کہ کجریوال نے دہلی چیف سکریٹری کو دھمکانے کی سازش رچی۔

نئی دہلی۔ کنوینر عام آدمی پارٹی و چیف منسٹر دہلی مسٹر اروند کجریوال ، ان کے نائب مسٹر منیش سسوڈیا اور پارٹی کے دیگر 11 ارکان اسمبلی کو چیف سکریٹری پر حملہ کے مقدمہ میں دہلی کورٹ کی جانب سے سمن جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے انہیں ہدایت دی کہ 25 اکتوبر کو وہ شخصی طور پر حاضر ہوں۔ پولیس نے اپنی 1,300 صفحاتی چارج شیٹ میں الزام عائدکیا کہ کجریوال ، سسوڈیا اور دیگر نے دہلی چیف سکریٹری انشو پرکاش کو جان سے ماردینے یا شدید چوٹ پہنچانے، سرکاری فرائض انجام دینے میں رکاوٹ پیدا کرنے اور انہیں نقصان پہنچانے کی سازش کی ہے۔عام آدمی پارٹی کے قائدین پر چیف سکریٹری کو محروس رکھنے، دانستہ توہین کرنے ،اشتعال انگیزی کرنے اور غیر قانونی طور پر جمع ہونے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ کجریوال اور سسوڈیا کے علاوہ جن دیگر ارکان اسمبلی کے خلاف فرد جرم عائد کیا گیا ان میں امانت اللہ خان، پرکاش جروال، نتین تیاگی، ریتوراج گوئند، سنجیو جھا، اجے دت، راجیش رشی، راجیش گپتا، مدن لال، پروین کمار اور دنینش مہانیہ شامل ہیں۔ انشو پرکاش نے الزام عائد کیا کہ 19 اور 20 فروری کی درمیانی شب کجریوال کی رہائش گاہ پر جب انہیں ایک اجلاس کے لئے طلب کیا گیا تھا تو اس وقت ان کے ساتھ زور زبردستی کی گئی۔ اپنی شکایت میں پرکاش نے کہا تھا کہ ابتداء میں انہیں دھمکایا گیا اور بعدازاں امانت اللہ خان اور پرکاش جروال نے ان پر حملہ کیا۔ اس واقعہ کے بعد عام آدمی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان اور جروال کو گرفتار کرلیا گیا تھا لیکن دہلی پولیس کو ان سے پوچھ گچھ کے لئے حراست میں دینے سے انکار کردیا گیا تھا تاہم دہلی حکومت نے الزام کو ’بوگس ‘ اور ’فرضی‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی انتقامی کارروائی ہے۔ جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ ثابت ہوجانے کی صورت میں کجریوال اور دیگر ارکان اسمبلی کو 7 سال کی جیل ہوسکتی ہے۔