Monday, May 6, 2024
Homesliderکرناٹک میں اسکولوں کی کشادگی کے بعد211 اساتذہ کورونا سے متاثر

کرناٹک میں اسکولوں کی کشادگی کے بعد211 اساتذہ کورونا سے متاثر

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلور۔ ان دنوں مختلف ریاستوں میں اسکولس کی کشادگی کا موضوع کافی گرمایا ہوا ہے لیکن کرناٹک میں اسکولوں کی کشادگی کے بعد 211 اساتذہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے اور اس میں غیر تدریسی عملہ کو شامل کیا جائے تو متاثرین کے تعداد 236 ہو گئی ہے ۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو پھر سے کھولنے سے قبل تمام اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے لئے کورونا ٹسٹ کو لازم کر دیا ہے ۔ شمالی کنڑضلع میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ سمیت 20 افرادکورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ بیلگاوی میں19 اساتذہ اور 6 غیر تدریسی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ شیوموگا، ہاسن اور مانڈیا اضلاع میں 39 اساتذہ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جبکہ تُمکُرو، میسور، چمراج نگر اورگڈگ اضلاع میں دوغیر تدریسی عملہ کے علاوہ 45 اساتذہ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔

ریاست کے چِکبلاپور، بیلاری اور مدھوگِری اضلاع میں کوئی بھی اساتذہ یا غیر تدریسی عملہ عالمی وباکی زد میں نہیں آیا ہے ۔ یاد رہے کہ مارچ2020 میںکورونا وبا کے سامنے آنے کے بعد نافذ لاک ڈاون کے سبب ریاست میں تمام اسکولس گذشتہ نو ماہ سے بند تھے ۔ ریاست میں یکم جنوری سے 10 ویں اور 12ویں جماعتوں کی تدریس کے لئے اسکولوں کی کشادگی عمل میں آئی ہے ۔ اسکول میں طلبہ کو درجہ حرارت، فیس ماسک لگائے رہنے اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنے کے بعد ہی میں داخلہ کی اجازت دی جا رہی ہے ۔ اسکولوں میں کلاس میں شرکت کرنے والے طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے والدین یا سرپرست کا راضی نامہ بھی ساتھ لے کر آئیں۔

گیارہویں جماعت کے طلبہ کے 15 جنوری سے بہ ضابطہ کلاس میں شامل ہونے کا امکان ہے ۔ چھٹی جماعت سے نوویں جماعت کے طلبہ کے لئے ودیاگم یوجنا بھی جلد شروع ہونے کی امید ہے ۔دریں اثناء نو ماہ کے وقفے کے بعد پہلے اور دوسرے سال کے کالج طلبہ کی بہ ضابطہ کلاس 14 جنوری کے بعد شروع ہو جائیں گے ۔ ریاست کے نائب چیف منسٹر اور وزیر تعلیم ڈاکٹر سی این آشوت نارائن نے اس تجویز کا اعلان کیا۔ انہوں نے سرکاری اور خانگی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر اورمحکمہ اعلیٰ تعلیم سمیت مختلف محکموں کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جماعت پھر سے شروع کرنے کے لئے تاریخ کی تجویز دیں۔