Saturday, April 27, 2024
Homesliderکرناٹک میں انسانی اسمگلنگ کا پردہ فاش، 17 خواتین کو بچا لیا...

کرناٹک میں انسانی اسمگلنگ کا پردہ فاش، 17 خواتین کو بچا لیا گیا

- Advertisement -
- Advertisement -

بنگلورو۔کرناٹک پولیس نے ایک بڑے کریک ڈاؤن میں سات افراد کی گرفتاری کے ساتھ انسانی اسمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ سٹی کرائم برانچ (سی سی بی) کے عہدیداروں نے 17 خواتین کو بچایا ہے جنہیں دبئی لے جانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ پولیس نے 95 خواتین کو دبئی بھیجے جانے کے بارے میں معلومات جمع  کی ہیں اور 17 پاسپورٹ ضبط کر لیے ہیں۔ ملزمان جونیئر فنکاروں کو ماہانہ لاکھوں روپے کمانے کا لالچ دے کر پھنساتے تھے۔

 انہوں نے ایونٹ مینجمنٹ کمپنیوں میں کام کرنے والی لڑکیوں کو بھی لالچ دیا۔ ملزمان نے 50 ہزار روپے ایڈوانس رقم کے طور پر فراہم کیے اور انہیں دبئی کا ویزا دلانے میں مدد کی اور انہیں وہاں بھیج دیا۔ یہ گینگ کرناٹک، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹر اور پنجاب کی ریاستوں کی خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔ملزم کے دبئی میں ڈانس بارز کے مالکان سے تعلقات تھے۔ ایک بار جب لڑکیاں دبئی پہنچیں تو انہیں ڈانس بارز میں مظاہرہ  کرنے پر مجبور کیا گیا۔ بعد میں ڈانس بار مالکان نے انہیں مجبور کیا کہ وہ گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کریں اور ان کی تفریح ​​کریں۔ لڑکیوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا تو انہیں ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرین کو ایڈوانس رقم فوری واپس کرنے کا کہا گیا۔ چونکہ لڑکیاں ایڈوانس کے طور پر لیے گئے پیسے ختم کر دیتی تھیں، اس لیے انہیں نوکری جاری رکھنے پر مجبورہونا پڑتا ۔

 گینگ کے ساتھ پھنسنے والے متاثرین میں سے ایک نے بنگلورو کے ہنور پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا اور شکایت درج کروائی۔ بعد میں معاملے  کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسے مزید تفتیش کے لیے سی سی بی کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے کرناٹک سے تین اور تمل ناڈو سے چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار شدگان کی شناخت بسواراجو شنکرپا کالساد (43) کوپل کے جونیئر آرٹسٹ، میسور کی ایک رقاصہ آدرشا عرف آدی (28)، تمل ناڈو کے سیلم سے راجیندر ناچیمتو (32)، مریپن (44) چینائی سے ایک آرٹسٹ ایجنٹ کے طور پر ہوئی ہے۔ چندو (20) بنگلورو سے، ٹی اشوک (29) پانڈیچیری سے اور ایس راجیو گاندھی (35) تمل ناڈو کے تروولور سے گرفتار ہوا ہے ۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔