Sunday, May 19, 2024
Homesliderکسانوں کا احتجاج ، راہول گاندھی کی تنقید پر جوابی تنقید

کسانوں کا احتجاج ، راہول گاندھی کی تنقید پر جوابی تنقید

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے زرعی قانون کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرنے والے مشتعل کسانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسان ملک کے ان داتا اور ہندوستان کے بھاگیہ ودھاتا ہے لہذا حکومت کو ان کے مطالبوں کو قبول کرنا چاہیے ۔ راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ڈٹا ہے ، نڈر ہے ، ادھر ہے ، بھارت بھاگیہ ودھاتا۔اسی کے ساتھ انہوں نے کسانوں کی تحریک کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں ہزاروں کسان اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کر رہے ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ ملک کا کسان اپنے مطالبے پر ثابت قدم ہے اور وہ احتجاج کرتے ہوئے کسی سے نہیں ڈرتا۔ انہوں نے کہا کہ کسان ملک کو اناج دینے والا اور بھاگیہ ودھاتا ہے ۔ اس ٹویٹ کے ذریعے انہوں نے مشتعل کسانوں کی مہا پنچایت کی حمایت کی ہے ۔یادر ہے کہ مظفر نگر میں کسان رہنما راکیش ٹکیت نے مہا پنچایت طلب کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔ اس مہا پنچایت میں ٹکیت نے کہا کہ جب تک کسانوں کے مطالبات پورے نہیں ہوتے ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

راہول گاندھی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے کہا ہے کہ کانگریس زمینی سطح پر کوئی بھی موضوع اٹھانے سے قاصر ہے ، اس لیے جھوٹی تصویروں سے سیاست کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جب بھی ملک میں گمراہ کن اور جھوٹ کی سیاست ہوتی ہے ،تو اس میں راہول گاندھی کا ہاتھ ہوتا ہے ۔ اس سلسلے میں راہول گاندھی نے کسانوں کی تحریک کی ایک پرانی تصویر ٹوئٹ کی ہے اور اسے حالیہ واقعہ بتایا ہے ۔راہول گاندھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ کانگریس بغیر صدر کے ہے اور زمین پر کہیں بھی کھڑی ہونے سے قاصر ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کو احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن انتشار پیدا کرنے کا نہیں۔ سمبت پاتر نے کہا کہ راہول گاندھی نے اس سے قبل دہلی میں عصمت ریزی کی متاثرہ کے خاندان کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جسے بعد میں ٹوئٹر نے ہٹا دیا۔