Thursday, May 9, 2024
Homesliderکسان ٹریکٹر ریلی پرتشدد واقعہ میں تبدیل، ایک ہلاک ، کئی مقامات...

کسان ٹریکٹر ریلی پرتشدد واقعہ میں تبدیل، ایک ہلاک ، کئی مقامات پر انٹرنیٹ بند

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: مرکزی حکومت کےمتنازعہ تین زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسان ٹریکٹر ریلی پولیس سے تصادم کے بعد ایک ناخوش گوار واقعہ میں تبدیل ہوگئی جس میں ایک شخص کی موت بھی ہوگئی ہے ۔ دہلی میں حالات خراب ہونے کی وجہ  سے کئی مقامات پرا نٹرنیٹ خدمات بھی معطل کردی گئی ہیں.

کسانوں اور پولیس کے درمیان زبردست تصادم ہوا جس میں پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد حالات اور بھی خراب ہوگئے ۔ جھڑپ کے دوران اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک کسان کی موت ہو گئی ہے۔ اسی افرا تفری کے ماحول میں  کسانوں نے لال قلعہ پہنچ کر تاریخی عمارت پر  اپنی تنظیم کا جھنڈا لہرا دیا۔

ریلی پرتشدد واقعہ میں اس وقت تبدیل ہوگئے جب دہلی پولیس کی جانب سے ریلی کےلئے  طے کردہ   راستہ کی بجائے  کسان مظاہرین کی بڑی تعداد دوسرے راستہ سے دہلی میں داخل ہوئی اور لال قلعہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ سینکڑوں کسانوں نے اپنے ہاتھوں میں اپنی تنظیم کے جھنڈے تھامے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک کسان نے آگے بڑھتے ہوئے لال قلعہ پر لگے کھمبے پر اپنا جھنڈا لہرا دیا۔

کسان پریڈ نکالنے کے دوران پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں ایک کسان کی موت ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ  کسان اتراکھنڈ کاشہری  ہے  اور اس کا نام نونیت بتایا جارہا ہے۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ نونیت کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی ہے۔

اس سے پہلے کسان سنگھو بارڈر، غازی پور بارڈر سمیت کئی بارڈر پر بیریکیڈ توڑ کر دہلی میں داخل ہوئے ۔اس دوران مکربا چوک، ٹرانسپورٹ نگر، نوئیڈا موڑ، اکشر دھام پر پولیس کے ساتھ کسانوں کا تصادم ہوا۔ کسانوں  کو روکنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا اور لاٹھیاں چلائیں لیکن کسان تصادم کے ساتھ آگے بڑھتے گئے۔ آئی ٹی او کے پاس بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر کے ساتھ انڈیا گیٹ کی طرف بڑھنے لگے۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ  آگے ہی بڑھتے ہی رہے ۔ انہیں روکنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔

سنگھو بارڈر سے نکلے کسانوں کے جتھے اور پولیس کے درمیان مکربا چوک پر تصاد ہوا ہے۔ کسانوں کا ٹریکٹر مارچ مکربا چوک سے کنجھاولا  کا راستہ مقرر تھا لیکن آخری وقت پر کسانوں نے اپنا راستہ بدل دیا اور وہ آؤٹر رنگ روڈ کی طرف چل پڑے ۔ اس دوران کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی کسان اور پولیس عہدیدار  زخمی ہوئے ۔