Sunday, May 19, 2024
Homeٹرینڈنگکشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی موت، 65 سالہ شخص نے انڈونیشیا...

کشمیر میں کورونا وائرس سے پہلی موت، 65 سالہ شخص نے انڈونیشیا کی جماعت میں شرکت کی تھی

- Advertisement -
- Advertisement -

سری نگر ۔ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے باعث پہلی موت ہوئی ہے اور مہلوک شخص جس کی عمر 65 برس بتائی جارہی ہے، سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع دواخانے برائے امراض سینہ میں زیر علاج تھے۔ مہلوک شخص کورونا وائرس کے علاوہ شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے کا شکار تھے۔ سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدر پورہ کے رہنے والے مہلوک شخص تبلیغی جماعت کے ساتھ وابستہ تھے اور انہوں نے انڈونیشیا اورملائشیا میں ہونے والے تبلییغی اجتماعات میں شرکت کی تھی۔ وہ وہاں سے واپسی پر نئی دہلی، اترپردیش اورجموں میں ٹھہرے تھے۔

شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جن چار افرادکے کورونا وائرس ٹسٹ گزشتہ روز مثبت آئے ہیں، ان کے مہلوک شخص کے ساتھ قریبی روابط تھے اورپانچوں نے ایک ساتھ مذہبی اجتماعات میں شرکت کی تھی۔ ایک مقامی خبررساں ایجنسی نے ڈاکٹروں کے حوالے سے کہا ہے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی موت جمعرات کی صبح واقع ہوئی۔ ان کو دل کا دورہ پڑا اور ہماری سخت کوششوں کے باوجود وہ دم توڑگئے۔ وہ شوگر، ہائی بلڈ پریشراور موٹاپے کا بھی شکار تھے۔

 دریں اثنا جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے وادی میںکورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا بری خبر: کورونا وائرس سے پہلی موت، حیدر پورہ سری نگر سے تعلق رکھنے والا 65 سالہ شہری چل بسا۔ اس کے رابطے میں آنے والے چار لوگوں کے کورونا وائرس ٹسٹ مثبت پائے گئے۔ جموں وکشمیر میں اب کورونا وائرس کے مثبت معاملات کی تعداد دس ہے جن میں سے تین کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔