Saturday, May 11, 2024
Homesliderکلے کورٹ کے بادشاہ نڈال کو فرنچ اوپن میں جوکووچ کے خلاف...

کلے کورٹ کے بادشاہ نڈال کو فرنچ اوپن میں جوکووچ کے خلاف شکست

- Advertisement -
- Advertisement -

پیرس ۔ دنیا کے نمبر ایک سربیائی کھلاڑینوواک جوکووچ نے 13 مرتبہ کے چمپئن اسپین کے رافیل نڈال کو چار گھنٹے22 منٹ طویل سیمی فائنل میں 3-6,6-3,7-6(4),6-3 سے شکست دے کر سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے خطابی مقابلے میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اتوار کو ان کا سامنا پانچویں سیڈ یونان کے ستیفانوس ستسپاس سے ہوگا۔

جوکووچ نے اس کامیابی کے بعد کہا یہ یقینی طور پر پیرس میں کھیلے گئے میرے بہترین میچوں میں سے ایک ہے ۔ جوکووچ نے میچ میں50 ونرس لگائے اور37 ازخود غلطیاں کیں جبکہ نڈال نے48 ونرس لگائے اور55 غلطیاں کیں۔اس شکست کے بعد نڈال کا ریکارڈ21 ویں گرانڈ سلام جیت کر راجر فیڈرر کا ریکارڈ توڑنے کا خواب چکنا چور ہوگیا جبکہ جوکووچ کیریرکا دوسرا فرنچ اوپن جیتنے اور19 ویں گرانڈ سلام خطاب سے ایک قدم دور ہیں۔ سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور نڈال کے نام 20,20 گرانڈ سلام خطابات کا عالمی ریکارڈ ہے ۔

جوکووچ نے نڈال کے خلاف گذشتہ سال کے فائنل میں صرف سات گیم میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس سال نڈال کے پاس جوکووچ کی آل راؤنڈ کارکردگی کا کوئی جواب نہیں تھا۔ یہ میچ کورٹ فلپ چیٹریر میںکھیلا گیا جس میں شائقین کو پورے میچ میں شرکت کی اجازت دی گئی جبکہ فرانس میں رات کا کرفیو نافذ ہے ۔ جوکووچ نے میچ کے بعد کہا آپ خود سے کہتے ہیں کہ کوئی دباؤنہیں ہے لیکن یقین کریں کہ بہت دباؤتھا۔

ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے گئے57 میچوں میں سے50 میچ پہلا سیٹ جیتنے والے کھلاڑی نے جیتے ہیں لیکن جوکووچ نے اس مرتبہ اس کہانی کو الٹ دیا اور چھٹی مرتبہ اس کلے کورٹ سلام کے فائنل میں جگہ بنالی۔تیسرا سیٹ میچ میں بہت اہم ثابت ہوا اور دونوں سوپر اسٹار نے اپنی پوری طاقت اس میچ میں لگا دی ۔ دونوں نے زبردست شاٹس کھیلے ، چار سروس بریک اور14 بریک پوائنٹس دیکھنے کو ملے ۔ یہ پچھلے کچھ سالوں میں ایک بہترین سیٹ تھا۔

جوکووچ نے پانچ۔چار ، 30-0 کے اسکور پر میچ کے لئے سروس کرنے کا موقع گنوایا جب وہ اپنا فارہینڈ نیٹ میں مار بیٹھے لیکن سربیائی کھلاڑی نے بہترین ڈراپ شاٹ سے 5-6کے اسکور پر سیٹ پوائنٹ بچایا ۔نڈال نے چوتھے سیٹ میں ابتدائی بریک حاصل کیا لیکن جوکووچ نے آخری چھ گیم جیت کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ دونوں کھلاڑی زبردست کھیل رہے تھے ۔ سابق نمبر ایک برطانیہ کے اینڈی مرے نے ٹویٹ کیا آپ اس سے بہترین کلے کورٹ ٹینس نہیں کھیل سکتے ۔ یہ بہترین ہے ۔ ایک دیگر سابق نمبر ایک کھلاڑی اینڈی راڈک نے کہا کہ ، اس وقت تک یہ میرا دیکھا ہوا سب سے بہترین میچ ہے ۔

جوکووچ نے نڈال کے خلاف اپنے کیریئر کا ریکارڈ28-30 پہنچا دیا ہے ۔ جوکووچ کے فائنل میں حریف بنے کھلاڑی ستسپاس نے پہلے سیمی فائنل میں چھٹے سیڈ الیگزنڈر زیوریو کوشکست دی ہے ۔ سربیا کے کھلاڑی کے پاس 22 سالہ سسیپاس کے خلاف پانچ۔دو کا کیریئر ریکارڈ ہے اور جوکووچ نے گذشتہ سال سیمی فائنل میں ستسپاس کو پانچ سیٹوں میں شکست دی تھی لیکن اس مرتبہ فائنل کے دلچسپ ہونے کا قوی امکان ہے ۔