Saturday, May 18, 2024
Homeٹرینڈنگکمس دواخانے تا رانی گنج چوراہے پر ٹریفک جام مسئلہ سنگین ہونے...

کمس دواخانے تا رانی گنج چوراہے پر ٹریفک جام مسئلہ سنگین ہونے لگا

 گلف بیکری کے روبرو بے ڈھنگ پارکنگ، لب سڑک غیرمجاز بنڈیوں کی برخواستگی ناگزیر
- Advertisement -
- Advertisement -

سکندرآباد۔ رسول پورہ چوراہے سے رانی گنج چوراہے تک کا چوراستہ کمس دواخانے سے ہوکر گزرتا ہے۔آج سے دو دہے قبل غروب آفتاب کے بعد اس راستے پرگزرنے سے عوام ڈرتے تھے اور آج اس راستے پر عوام دن میں گزرنے سے خوف کھاتے ہیں کیونکہ ماضی میں یہاں غروب آفتاب کے بعد اندھیرے اور سن سنان راستے کی وجہ سے لوگ اس راستے پر نہیں گزرتے تھے لیکن اب دن کے اجالے میں ٹرافک جام کے مسائل نے عوام کو راستہ بدلنے پر مجبور کردیاہے-

یہاں آئے دن ٹریفک جام کے مسائل بد سے بدترین شکل اختیار کررہے ہیں اور آج اسٹار ہوٹل کے روبرو نکلس روڈ کی سمت جانے والے راستے پر بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے جو انتظامات کرنے کی خاطر اس راستے کو بند کردیا گیا تو پھر ٹریفک جام کے مسائل نے سنگین صورتحال اختیار کرلی۔

 ٹریفک جام کی وجہ سے کمس دواخانے کے پاس سے لیکر کربلا میدان تک راستے مکمل بند ہوگئے جبکہ اس ٹریفک جام میں تدفین کیلئے جارہی میت کی گاڑی کو پریشان کن حالات میں دیکھا گیا اور مرحوم کے عزیزواقارب ٹریفک سگنلزپر پولیس عہدیداروں سے درخواست کرتے ہوا دیکھا گیا اور وہ گاڑی کی قبرستان تک رسائی کیلئے ٹریفک سگنلز کو کھلوانے پر مجبور دیکھے گئے۔

کمس دواخانہ تا رانی گنج چوراہے تک ٹریفک جام کا مسئلہ دن بدن سنگین ہوتا جارہا ہے حالانکہ یہ سڑک جو 2 برس قبل خستہ حال تھی تب تو ٹریفک جام کا ایسا کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن سمنٹ روڈ کو بچھانے اور اسے بہتر بنانے کی غرض سے جو تعمیراتی کام انجام دئے گئے ہیں اس نے راستوں کو تنگ کردیا گیا ہے اور خاص کر اسٹار ہوٹل کے سامنے کا چوراستہ جو نئی سڑک کی تعمیر سے قبل کشادہ تھا اسے تنگ کردینے کی وجہ سے ٹریفک جام ہورہا ہے۔

اس کے علاوہ کمس دواخانے سے لیکر گلف بیکری تک لب سڑک کھانے کے بنڈیوں اور بیکری کے سامنے غیرمجاز پارکنگ کی وجہ سے بھی ٹریفک جام ہورہی ہے اور اس طرف متعلقہ ٹریفک پولیس اسٹیشن کا عملہ توجہ نہیں دے رہا ہے۔ لب سڑک گاڑیوں کی غیر مجاز پارکنگ کو روکنے کےلئے ٹرافک پولیس نے صرف ”نو پارکنگ“ کے بورڈز لگادئے ہیں لیکن عوام اس بورڈ کے نزد ہی اپنی گاڑی پارک کررہے ہیں۔