Friday, June 14, 2024
Homesliderکورونا سے بچنے کےلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے گورنر کی عوام...

کورونا سے بچنے کےلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے گورنر کی عوام سے اپیل

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے بڑھتے معاملات  کی وجہ سے جہاں عوام پریشان ہیں وہیں حکام بھی سخت اقدامات کی سمت اپنی سرگرمیوں کو تیز کرچکے ہیں اور گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے وزیر صحت ای راجندر سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے تلنگانہ میں کورونا وائرس معاملات  میں اضافہ کی صورتحال پر تفصیلات  حاصل کی ہے ۔ گورنر نے تلنگانہ میں کورونا کے معاملات  میں اضافہ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر صحت سے تازہ معاملات  کی صورتحال اور وبا پرقابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جارہے اقدامات اور دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں ۔

 وزیر صحت نے گورنر کو حکومت کی جانب سے معائنہ کرنے کی  سہولیات میں اضافہ، مریضوں اور ان سے ربط میں آنے والے افراد کو باخبر رکھنے کیلئے نئے ایپ متعارف کرنے اور کوویڈ دواخانوں میں علاج کی سہولتوں میں بہتری کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ وائرس کے جلد پتہ چلانے اور فوری علاج کے آغاز کے ذریعہ مریضوں کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ   گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں خاص طور پر ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کو اپنے اوپر  لازم کرلیں۔ انہوں نے عوام کے ہجوم کی شکل میں جمع ہونے کو نامناسب قراردیا۔ گورنر نے کہا کہ وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھونے اور سنیٹائزر کے استعمال سے کورونا سے بچا جاسکتا ہے۔ گورنر زائد ذمہ داریوں کے تحت پوڈوچیری میں قیام پذیر ہیں۔ انہوں نے خصوصی ایپ کے متعارف کرنے پر محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد اور ان سے ربط میں آنے والوں کو قریبی ٹسٹنگ مراکز پہنچانے میں یہ ایپ مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے موسم گرما کے پیش نظر ٹیکہ اندازی میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ گورنر سوندرا راجن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گرما کی شدت کو دیکھتے ہوئے احتیاط کریں تاکہ سن اسٹروک اور دیگر امراض سے بچا جاسکے۔