Monday, May 6, 2024
Homesliderکورونا ٹیکہ اندازی سے وائرس پر قابو پانے کی امیدیں تیز

کورونا ٹیکہ اندازی سے وائرس پر قابو پانے کی امیدیں تیز

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ اب جبکہ کورونا کے ٹیکے ہندوستان کے مختلف علاقوں میں پہنچ چکے ہیں اور 16 جنوری سے ٹیکہ اندازی کی مہم بھی شروع ہوگی لہذا اب ہر گوشے سے کورونا کے خاتمہ کی امیدیں قوی ہونے لگی ہیں۔ہماچل پردیش کے گورنر بنڈارودتاتریہ نے کہا ہے کہ کورونا پر جلد ہی ٹیکہ کے ذریعہ قابوپایاجائے گا۔انہوں نے وجئے واڑہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کی وبا نے پورے سماج پر اپنا اثر چھوڑا ہے ۔اس نے دنیا میں معاشی، سماجی اورسیاسی بحران پیدا کیا ہے ۔

اس سے ہر کوئی خوفزدہ ہے۔تاتریہ نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس وائرس پر قابو پالیاجائے گا۔حیدرآباد میں بھارت بائیوٹیک نے کوویکسن ٹیکہ تیارکیا ہے جوقابل ستائش کام ہے ۔اس ٹیکہ سے ملک کے عوام کے لئے موثر ثابت ہوگا۔انہوں نے سنکرانتی کے موقع پر تلگوریاستوں تلنگانہ اوراے پی کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔قبل ازیں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے گورنر سے خیرسگالی ملاقات کی۔

یہاں یہ بھی قابل ذکر ہے  کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر چندرشیکھرراو کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے ریاست میں کوویڈ19کے ٹیکہ اندازی پروگرام کے آغاز کے سلسلہ میں تیاریوں کا تمام ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ لیا۔چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو اس پروگرام کی اہمیت سے واقف کروایا۔اس کے پہلے مرحلہ میں سرکاری اور خانگی دواخانوں کے تمام ہیلت ملازمین  کا احاطہ کیاجائے گا۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ٹیکہ اندازی کے بعد کسی بھی قسم کے منفی اثرات کے معاملات سے نمٹنے کیلئے آپریشنل گائیڈ لائنس بشمول اقدامات کے مطابق اپنے اضلاع میں پروگرام کے آغاز کے مقامات کی نشاندہی کریں۔

انہوں نے کلکٹرس سے خواہش کی کہ ہر مقام کے لئے دو مخصوص عہدیداروں کو مقررکیاجائے جو انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔کلکٹرس کو مشورہ دیاگیا ہے کہ وہ ہر مقام پر ٹیکوں کو محفوظ رکھیں۔ان سے ضلع کے عہدیداروں کے نٹ ورک کے ذریعہ پہلے ہی نشاندہی کردہ استفادہ کنندگان کی موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی خواہش کی۔اس پروگرام کی اہمیت پر غورکرتے ہوئے کمار نے کلکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ تمام سطحوں پر عوامی نمائندوں کی شراکت کی خواہش کریں۔