Saturday, May 18, 2024
Homesliderکورونا ٹیکہ اندازی میں  حکومت ناکام

کورونا ٹیکہ اندازی میں  حکومت ناکام

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی ۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کورونا ٹیکہ اندازی میں حکومت کی حکمت عملی کو ناکام قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اس کے غیر ذمہ دارانہ رویئے کے سبب ملک کو کورونا ٹیکے اور آکسیجن کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔راہول گاندھی نے ٹوئٹ کیا مرکزی حکومت کی ویکسین کی حکمت علی نوٹ بندی سے کم نہیں۔ عوام کو قطاروں میں لگیں گے ، پیسے ، صحت اور جان کے نقصان کا سامنا کریں گے اور آخر میں صرف کچھ صنعت کاروں کو فائدہ ہوگا۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کی ٹیکہ اندازی کے سلسلے میں کوئی حکمت عملی نہیں ہے ۔ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے درمیان کافی وقت تھا اور حکومت کو معلوم تھا کہ دوسری لہر آئے گی، پھر بھی اس سے نمٹنے کی حکمت عملی وضع نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے چھ کروڑ کورونا ویکسین برآمدکی ہے اور اس کی خوب تشہیر کرکے واہ واہی لوٹنے کا کام کیا گیا لیکن اپنے ملک کے لوگوں کے ضرورت کے مطابق ٹیکے دستیاب نہیں ہوپارہے ہیں۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے کورونا مریضوں کے لئے آکسیجن کی کمی کے تعلق سے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ  بناتے ہوئے کہا کہ آکسیجن کی فراہمی  میں ہندوستان دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے پھر بھی ہمیں اس کی زبردست کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے اس صورتحال حکومت کی ناکامی اور اس کی ناکام حکمت عملی کا نتیجہ بتایا ہے ۔ملک میں کورونا وائرس کی تباہ کاری جاری ہے اور اس کی خوفناک صورتحال  کی گواہی گزشتہ ایک ہفتہ کے اعداد وشمار ہیں جس میں وائرس کے لگاتار دو لاکھ سے زائد یومیہ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تعداد تقریبا تین لاکھ کے قریب پہنچ چکے ہیں اور اسی عرصے میں دو ہزار سے زیادہ مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

یاد رہے کہ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج  جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 295041 نئے معاملات سامنے آئے ہیں اور  کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 56 لاکھ 16 ہزار 130 ہوگئی ہے ۔