Saturday, May 18, 2024
Homesliderکورونا کے خلاف تلنگانہ حکومت چوکس، مریضوں کا گاندھی دواخانہ میں علاج

کورونا کے خلاف تلنگانہ حکومت چوکس، مریضوں کا گاندھی دواخانہ میں علاج

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ وبائی مرض کورونا کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی تلنگانہ حکومت چوکس ہوگئی ہے  اور متاثرین کے لئے بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے  کے علاوہ  تشویش ناک حالت میں دواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں کی جان بچانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکام کے بموجب  وائرس پرقابو پانے کےلئے گذشتہ سال جو اقدامات کئے گئے تھے اس کے  بہتر نتائج برآمد ہوئے اوراب یہی طریقہ اختیارکیاجارہا ہے ۔

مثبت رپورٹ کے تماممریضوں کا ایک ہی جگہ علاج نہیں کیاجارہا ہے بلکہ کورونا کے مریضوں کا علاج، اس وبا کی شدت کی مناسبت سے کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔تشویشناک حالت والے مریضوں کو گاندھی دواخانہ میں داخل کیا جارہا ہے ۔ کہنہ امراض کے شکار ایسے افراد جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں کا گاندھی میں علاج کیاجارہا ہے ۔اس وبا کی علامات نہ ہونے والے مریضوں کا گاندھی اسپتال میں علاج نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔دوسری طرف دواخانہ  میں کورونا اوپی اورنمونوں کی وصولی کا کام بھی انجام دیاجارہا ہے ۔

 گاندھی دواخانہ میں فی الوقت کورونا اور غیر کورونا  دونوں طرح کے مریضوں کا علحدہ علحدہ طورپر علاج کیاجارہا ہے ۔وائرس کے متاثرین کیلئے 200آئی سی یو بستر دستیاب ہیں جبکہ نئے 100بستر بھی تیار رکھے گئے ہیں۔دواخانہ کے ڈائرکٹر راجہ راو نے یہاں کئے جارہے انتظامات کی تفصیلات سے میڈیا نمائندوں کو آگا کیا ہے ۔ ماہ مارچ  کے دوسرے ہفتہ میں گاندھی دواخانہ  میں کورونا کے 50 مریض تھے جو اب بڑھ کر 120ہوگئے ہیں۔ مثبت رپورٹ کے حامل افرادمیں ایسے مریض ہیں جن میں ہلکی اور اوسط علامات پائی گئی ہیں، ان کو کنگ کوٹھی دواخانہ  اور گچی باولی میں واقع ٹمس دواخانہ بھیجا جارہا ہے ۔ پھیپھڑوں اور سانس کے دیگر مسائل کے شکار مریضوں کو چیسٹ اسپتال منتقل کیاجارہا ہے ۔