Wednesday, May 8, 2024
Homesliderکوہلی اور روہت کا ونڈے درجہ بندی کے پہلے اور دوسرے...

کوہلی اور روہت کا ونڈے درجہ بندی کے پہلے اور دوسرے مقام پر قبضہ

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور سینئر اوپنر روہت شرما آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں بالترتیب پہلے اور دوسرے مقام پر فائز ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم تیسرے مقام پر موجود ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بمرا تیسرے مقام پر موجود ہیں۔ کوہلی جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز میں 89 اور 63 رنز کی اننگز کھیلی ہیں جس کی بدولت انہیں 870 نشانات حاصل ہوئے ہیں۔ دوسری جانب روہت شرما جو کہ زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے دورے پر محدود اوورس کی سیریز نہیں کھیل پائے تھے اور کورونا بحران شروع ہونے سے لے کر تاحال انہوں نے کوئی ونڈے نہیں کھیلا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے نام 838 نشانات درج ہیں جس کی بدولت وہ دوسرے مقام پر موجود ہیں۔ بابر اعظم 837 نشانات کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سینئر بیٹسمین راس ٹیلر 818 نشانات کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے کپتان آرون فنچ 791 نشانات کے ساتھ سرفہرست پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

 آئیرلینڈ کے آل راﺅنڈر پال اسٹرلنک نے 8 مقامات کی ترقی کے ساتھ 20 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے افغانستان کے خلاف تیسرے اور چوتھے ونڈے میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 285 رنز اسکور کئے ہیں۔ افغانستان کے حشمت اللہ شاہدی 70 ویں مقام سے چھلانگ لگاکر 66 ویں مقام پر آگئے ہیں جبکہ راشد خان 96 مقام سے چھلانگ لگاکر 89 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بولروں کی فہرست میں بمرا سب سے بہترین مقام پر موجود ہیں۔ 700 نشانات کے ساتھ وہ تیسرے مقام پر موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ 722 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمن 701 نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر فائز ہیں۔

 بنگلہ دیش کے اسپنر مہدی حسن میراز جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے 9 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ کیوں کہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں دوسرے ونڈے میں انہوں نے 25 رنز کے عوض 4 وکٹوں کے ذریعہ مین آف دی میچ بھی حاصل کیا تھا۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن جنہوں نے مذکورہ سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کی ہیں جس کی بدولت وہ 19 ویں مقام سے ترقی کرتے ہوئے 8 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ دیگر بنگلہ دیشی بولروں میں شکیب الحسن 15 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 13 ویں مقام پر آگئے ہیں۔