Monday, May 20, 2024
Homesliderکوہلی اور روہت کی ٹی 20 درجہ بندی میں ترقی

کوہلی اور روہت کی ٹی 20 درجہ بندی میں ترقی

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی 20 درجہ بندی میں ایک درجہ کی ترقی کے ساتھ چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ ان کے نائب روہت شرما بھی تین مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 14 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان منعقدہ پانچ ٹی 20 مقابلوں کی سیریز کے اختتام کے بعد آئی سی سی نے تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے ۔

کوہلی جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری مقابلے میں روہت شرما کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھااور 52 گیندوں میں ناقابل تسخیر 80 رنز کی اننگز کھیلی تھی اس کی بدولت وہ فی الحال درجہ بندی میں سب سے بلند مقام پر موجود ہندوستانی کھلاڑی ہیں ۔ روہت شرما نے 34 گیندوں میں 64 رنز بنائے تھے جس کی بدولت انھیں درجہ بندی میں 3مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ 14 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں ۔

 ہندوستانی کھلاڑیوں میں جنھیں ترقی ہوئی ہے اُن میں شریاس ائر بھی شامل ہیں جنھوں نے پانچ مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے کیرئر میں پہلی مرتبہ 26 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں نیز سوریہ کمار یادو اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے بھی قابل ذکر چھلانگ لگائی ہے ۔ یادو جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے مقابلے میں اپنے کیرئر کا آغاز کیا لیکن انھیں بیٹنگ کاموقع نہیں ملا جس کے باوجود انھوں 66 واں مقام حاصل ہوگیا ہے۔

پنت جنھوں نے 32 گیندوں میں 57 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انھیں درجہ بندی میں 11 مقامات کی ترقی ہوئی ہے اور اب وہ 69 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں ۔ فاسٹ بولر بھونیشور کمار جنھیں آخری مقابلے میں مین آف دی میچ کااعزاز بھی حاصل ہوا کیونکہ انھوں نے اس مقابلے میں 15 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ، اس مظاہرہ کی بدولت انھیں 21 مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ 24 ویں مقام پر موجود ہے۔ علاوہ ازیں ہاردیک پانڈیا کو بھی 47 مقامات کی ترقی کے بعد 78 واں مقام ملا ہے۔ انگلینڈ کےلئے ڈیوڈ ملان بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں جیسا کہ انھوں نے آخری مقابلے میں 68 رنز کی اننگز کھیلی تھی  ۔