Tuesday, May 14, 2024
Homesliderکوہلی اور عمران ملک کا دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ہندوستانی ٹیم...

کوہلی اور عمران ملک کا دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے ہندوستانی ٹیم سے اخراج

- Advertisement -
- Advertisement -

ممبئی۔ ہندوستان نے جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 29 جولائی کو ٹرینیڈاڈ میں شروع ہونے والی ٹی 20 آئی سیریزکے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں بڑے نام ویراٹ کوہلی، جسپریت بمراہ اور یوزویندر چہل شامل نہیں ہیں جبکہ عمران ملک کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے ۔کوہلی جو کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ونڈے سے باہر ہوگئے تھے، ان کو کیریبین میں بھی ٹی 20 میں شامل نہیں کیا گیا ہے ، تاہم بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں اس بات کا ذکر نہیں کیا ہے کہ آیا انہیں آرام دیا گیا ہے یا زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں لیا گیا ہے۔

 دوسری جانب فاسٹ بولر بمراہ اور عمران ملک کے علاوہ لیگ اسپنر یوزویندر چہل کے نام بھی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔ اسکواڈ کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ کے ایل راہول اور کلدیپ یادیو، جو زخمی ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے تھے انکی واپسی ہوئی ہے۔ تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ بی سی سی آئی کی ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کے ایل راہول اورکلدیپ یادو کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔ دریں اثنا ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت جنہیں ون ڈے لیگ سے آرام دیاگیا ہے، ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے۔ اسکواڈ میں تجربہ کار آف اسپنر آر اشون کی واپسی بھی ہوئی ہے، جو گزشتہ نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے بعد سے ہندوستان کی ٹی 20 ٹیم میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔

سفید گیند کے گروپ سے طویل وقفے کے بعد اشون نے پچھلے سال ٹی 20 ورلڈ کپ میں واپسی کی تھی لیکن اس کے بعد سے وہ باقاعدہ ٹیم میں نہیں رہے ہیں، ان کے اخراج میں زخموں نے بھی کردار ادا کیا ہے، اس کی واپسی اسپن کو فروغ دے گی۔ جبکہ اس شعبہ میں کلدیپ، روی بشنوئی، اکشر پٹیل اور رویندر جڈیجہ بھی ہیں۔ آئی پی ایل کے سنسنی خیزکھلاڑی عمران ملک، رتوراج گائیکواڑ اور سنجو سیمسن جو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 کے لیے ہندوستان کے اسکواڈ کا حصہ تھے انہیں اب ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے ۔ سلیکٹرز نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرارشدیپ سنگھ کو ان کے شاندار ڈیبیو کے بعد انعام دیا ہے، جس میں وہ بھونیشورکمار، اویس خان اور ہرشل پٹیل کے ساتھ سوینگ بولنگ کے شعبے میں شامل ہیں۔

آئرلینڈ میں اپنا ٹی 20 ڈیبیو کرنے کے بعد عمران انگلینڈ میں حال ہی میں ختم ہونے والی ٹی 20 سیریز کا بھی حصہ تھے، جسے ہندوستان نے 2-1 سے جیتا تھا۔ ناٹنگھم میں اپنا واحد مقابلہ کھیلتے ہوئے عمران نے اپنے چار اوورز میں 56 رن دے کر 1 وکٹ لی تھی ۔ دوسری جانب ہرشدیب سنگھ نے ابتدائی ٹی20 میں شاندار ڈیبیو کرتے ہوئے 18 رنز پر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انہوں نے سوئنگ کے ساتھ انگلینڈ کے اوپنرزکو پریشان کیا۔ ہندوستان کیریبین کے دورے پر تین ونڈے اور پانچ ٹی 20 کھیلے گا۔ ہندوستان نے اس سے قبل ایک ونڈے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس کی قیادت شکھر دھون کریں گے۔

پہلا ٹی 20 ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس کے بعد دیگر دو میچ ہوں گے، یہ دونوں میچ سینٹ کٹس کے وارنر پارک میں ہوں گے۔ سیریز کا اختتام فلوریڈا کے سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم ٹرف گراو¿نڈ میں کھیلے جانے والے آخری دو کھیلوں کے ساتھ ہوگا۔5 ٹی 20 کے لیے ہندوستان کا اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، ایشان کشن، کے ایل راہول، سوریہ کمار یادیو، دیپک ہوڈا، شریاس آئیر، دنیش کارتک، رشبھ پنت، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل، آر اشون، روی بشنوی ، بھونیشور کمار، اویس خان، ہرشل پٹیل اور ارشدیپ سنگھ۔