Sunday, May 19, 2024
Homesliderکوہلی بولروں کی شاندار کارکردگی سے مسرور

کوہلی بولروں کی شاندار کارکردگی سے مسرور

- Advertisement -
- Advertisement -

دبئی ۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنی ٹیم کی راجستھان رائلزکے خلاف شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ آرمی آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر درست سمت میں گامزن ہے۔یہ جیت اب بنگلور کے آئی پی ایل 2021 کے پلے آف میں جانے کے امکانات کو مضبوط کرتی ہے۔کوہلی نے میچ کے بعد کہا کورونا کی وجہ سے ٹورنمنٹ کا وقفہ مشکل تھا جیسا کہ آپ نے شروع میں دیکھا تھا ہمیں پہلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس شکست نے اگرچہ ہمارے اعتماد کو نقصان پہنچایا تھا جبکہ دوسرا مقابلے میں ہم کافی زیادہ حاوی نہیں تھے ، بیٹنگ میں 25-30 کم اسکور کئے لیکن آخری دومقابلوں میں ہم صحیح سمت گامزن رہے۔ آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر ہم عروج کی طرف جا رہے ہیں ۔

آل راونڈر گلین میکسویل نے اس جیت میں بنگلور کے لیے نمایاں کردارادا کیا۔ ویرات کوہلی اور دیودت پڈکل کے آوٹ ہونے کے بعد انہوں نے کے ایس بھارت کے ساتھ ایک اہم پارٹنرشپ قائم کی۔ بھارت کو مستفیض الرحمٰن نے 44 رنز پرآوٹ کیا لیکن میکسویل نے اگلے اوور میں کرس مورس کو 22 رنز مار کر مقابلہ آسان کردیا ۔کوہلی نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ اچھی اوپننگ اسٹارٹ ہیں جو ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کرتے ہیں ۔ دیو دت اور میں نے ٹیم کو اچھی شروعات دینے پر توجہ دی ہے تاکہ اے بی ، بھارت اور میکس ویل کے ساتھ مڈل آرڈر مزید فائدہ اٹھائے۔ ویرات کوہلی نے راجستھان رائلز کو ان کی اچھی واپسی کے لیے تعریف کی لیکن ان کی ٹیم نے مقابلے میں سات وکٹوں کی فتح حاصل کی۔ آر سی بی کے لیے معاملات مشکل دکھائی دیتے اگر ان کے بولرس راجستھان رائلز کے بیٹسمینوں کو روکنے میں کامیاب نہ ہوتے۔ ایوین لیوس اور یشسوی جیسوال نے پاور پلے میں بغیر کسی نقصان کے 56 رنز بنائے تھے اور وہ تیزی سے خطرناک اسکور کی طرف آگے بڑھ رہے تھے۔

 جیسوال ٹیم کے اسکور 77 پرآوٹ ہوئے ، راجستھان اب بھی 11 اوورز میں بورڈ پر 100 کے ساتھ مضبوط موقف میں تھا لیکن آر سی بی کے بولروں نے شاندار واپسی کی اور حریف ٹیم کو باقی نو اوورز میں صرف 49 رنز بنانے کا موقع دیا ۔میڈیم فاسٹ بولر ہرشل پٹیل 34 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے والے اسٹار رہے لیکن یہ اسپنرزکی کارکردگی تھی جوکوہلی کو زیادہ خوش کرنے میں کامیاب رہی ۔ یوزویندر چہل نے 2/18 جبکہ بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز احمد نے دو اوورز میں 2/10 کا مظاہرہ کیا۔اس کے علاوہ اپنے پچھلے میچ میں آر سی بی نے ممبئی انڈینزکو پاور پلے میں 56/0 سے 18.1 اوورز میں 111 آل آوٹ تک محدودکردیا تھا۔

 بولروں کی شاندار کارکردگی پر کوہلی نے کہا کہ ہم گیند کے ساتھ یکے بعد دیگرے دومیچوں میں شاندار واپس آئے ہیں۔ جو کہ ایک بڑی علامت ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اگر آپ گیند سے اپنے اعصاب کو تھام سکتے ہیں تو آپ صحیح سمت جا رہے ہیں۔ دونوں مقابلوں میں مخالفین پاور پلے میں 56/0 تھے لیکن دونوں مقابلوں میں ہم نے وکٹیں لیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی ہمالیائی اسکور نہ بن پائے اور ٹیم نشانے کا آسانی کے ساتھ تعاقب کرسکے ۔