Sunday, May 19, 2024
Homesliderکوہلی کو ونڈے کپتانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے

کوہلی کو ونڈے کپتانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے دو میچوں میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی سے خوش نہیں ہے اور معلوم ہوا ہے کہ ویراٹ کوہلی اگر متحدہ عرب امارات میں رواں ایونٹ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کو پہنچانے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو وہ اپنی ونڈے کپتانی سے بھی محروم ہو جائیں گے۔

کوہلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ورلڈکپ کے بعد ہندوستان کی ٹی 20 کپتانی سے دستبردار ہو جائیں گے لیکن اب ایک اور سوال یو اے ای میں ہندوستان کے ناکام مظاہرے کے بعد گردش کررہا ہے کہ کیا وہ ونڈے کپتان کے طور پر آگے بڑھیں گے یا نہیں؟ اور ذرائع کی مانیں تو بورڈ کی جانب سے اس وقت جواب ”نہیں“ میں ہے۔بورڈ ناراض ہے۔ اور اب کوہلی کی ونڈے کپتانی پر بھی شدید شکوک و شبہات ہیں لیکن ابھی رواں ورلڈ کپ میں تین مقابلے باقی ہیں اور اگر ہندوستان کسی بھی موقع سے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے اور ٹورنمنٹ میں واپس آتا ہے تو کوہلی کی کپتانی کا منظر نامہ بدل سکتا ہے۔بورڈ کے ایک عہدیدار نے اس ضمن میں کہا کہ ابھی اگر آپ مجھ سے یا کسی سے پوچھیں، ویرات کو ونڈے کپتان کے طور موقع دیا جائے گا تو ہمارا ماننا ہےکہ اس پر پہلے ہی سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا روہت شرما کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے تو اس عہدیدار نے کہاکسی کا نام لینا ابھی قبل از وقت ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ کو ختم ہونے دیں۔ راہول ڈراویڈ بھی جلد ہی ہیڈکوچ کے طور پر ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ان سے بھی بات کی جائے گی۔ روہت یا کوئی اور یا کوہلی جاری رہے، سب کچھ بعد میں ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا اس بات کے امکانات ہیں کہ ہندوستان کو ٹی20 اور ونڈے کرکٹ کے لیے ایک کپتان اور ٹسٹ کے لیے ایک کپتان (ویراٹ) ملے گا۔

یاد رہےکہ کوہلی نے اب تک چار آئی سی سی ایونٹس میں ہندوستان کی قیادت کی ہے۔2017 چمپئنز ٹرافی، 2019 میں 50 اوور ورلڈکپ، ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ اور اب جاری ٹی20 ورلڈ کپ لیکن ان تمام مقابلوں میں ہندوستان ایک بھی خطاب حاصل نہیں کرپایا ہے جبکہ رواں ایونٹ میں اس کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات بھی کافی کم ہیں ۔انگلینڈ اور ویلز میں 2013 کی چمپیئنز ٹرافی میں ہندوستان نے اپنا آخری خطاب حاصل کیا تھا جس کے بعد طویل عرصے خطاب کا قحط ہے۔ آئی سی سی ایونٹ میں ہندوستان کی آخری کامیاب مہم سابق کپتان ایم ایس دھونی کی قیادت میں ہوئی تھی۔