Monday, April 29, 2024
Homeتلنگانہکے سی آر اور جگن موہن ریڈی کی 28 جون کو ملاقات

کے سی آر اور جگن موہن ریڈی کی 28 جون کو ملاقات

چھٹے اجلاس میں آبی تقسیم اور دیگر اہم مسائل پر پیش رفت متوقع
- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤاورآندھراپردیش کے ان کے ہم منصب وائی ایس جگن موہن ریڈی کی 28 جون کوچھٹی ملاقات متوقع ہے تاکہ بین ریاستی آبی مسائل پر تبادلہ خیال ہوسکے اور ساتھ ہی آندھرا پردیش کی تقسیم کے وقت باقی رہ جانے والے مسائل کی یکسوئی کے لئے بھی مذاکرات ہوسکے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ ملاقات کے سی آر کے آفس پرگتی بھون میں ہوگی ۔ 28 مئی کو آندھراپردیش کے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کی کرسی پر فائز ہونے کے بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی کی یہ کے سی آر سے چھٹی ملاقات ہوگی جوکہ ایک مہینہ کے اندرون ہونے والی ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے فوری بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی نے پرگتی بھون کا دورہ کرتے ہوئے کے سی آر سے ملاقات کی تھی تاکہ اپنی حلف برداری کی تقریب میں کے سی آر کو مدعو کیا جائے ۔

بعد ازاں کے سی آر 30 مئی کو وجئے واڑہ کا دورہ کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی ۔ علاوہ ازیں کے سی آر گذشتہ ہفتہ وجئے واڑہ کا دورہ کیا تھا تاکہ کالیشورم پراجکٹ کے افتتاحی تقریب میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کو مدعو کیا جاسکے جس پر آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے تلنگانہ کادورہ کیا تھا اور اس موقع پر بھی دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات ہوئی تھی ۔ دریں اثناءراج بھون میں دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹروں کی ملاقات کے دوران تقسیم ریاست کے وقت جو مسائل رہے ہیں ان پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ اب امید کی جارہی ہے کہ رواں ہفتہ ہونے والی چھٹی ملاقات میں گوداوری اورکرشنا ندی کے پانی کے تقسیم پر دونوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے ۔

یاد رہے کہ دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹرس کے درمیان آخری ملاقات کے وقت تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے اپنے آندھراپردیش کے ہم منصب وائی ایس جگن موہن ریڈی کو21 جون کو کالیشورم آبپاشی پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ جگن موہن ریڈی نے کے چندر شیکھر راؤکے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا تھا۔ جگن نے 30 مئی کو بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کے بعد کے سی آر کی دوسری مرتبہ میزبانی کی تھی ۔ اس موقع پر کے سی آر کے فرزند کے ٹی راما راؤ، سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار ، پی راجیشور ریڈی بھی موجود تھے۔ دونوں چیف منسٹروں نے ان دو تلگوریاستوں سے متعلق مختلف مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اب ہونے والی چھٹی ملاقات میں دونوں ریاستوں کے درمیان آبی تقسیم اور ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں ریاستوں کو جو سابق سے مسائل درپیش ہیں ان پر اہم پیش رفت ہونی کی امید کی جارہی ہے۔