Sunday, May 19, 2024
Homesliderکے سی آر جیل جائیں گے :بنڈی سنجے کا دعویٰ

کے سی آر جیل جائیں گے :بنڈی سنجے کا دعویٰ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ بنڈی سنجے کمار نے آج  کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ یقینی طور پر بدعنوانی کے الزام میں جیل جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کے سی آر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے تیسرے محاذ جیسی چالوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ یہ بتاتے ہوئے کہ چیف منسٹر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے، سنجے نے کہا کہ قومی سطح پر تیسرا محاذ بنانے کی ان کی کوششوں کا مقصد ہمدردی حاصل کرنا تھا۔

سنجے جو کہ رکن پارلیمنٹ بھی ہیں ، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مرکزی حکومت کے سی آر کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے۔ سنجے نے کہا کہ یہاں تک کہ اگر کے سی آر اپنے خاندان کے ساتھ کسی دوسرے ملک فرار ہو جاتے ہیں تو انہیں واپس لا کر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا جائے گا۔ بی جے پی لیڈر سوامی وویکانند کی یوم پیدائش کے موقع پر بدھ کو یہاں پارٹی دفتر میں بی جے پی یووا مورچہ کی طرف سے منعقدہ مفت میڈیکل کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔

 سنجے نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) لیڈر کمیونسٹ اور دیگر پارٹیوں کے لیڈروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ خود کو ایک قومی شخصیت کے طور پر پیش کیا جا سکے اور مرکزی حکومت کی طرف سے انہیں جیل بھیجنے کے بعد ہمدردی حاصل کی جا سکے۔ منگل کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ کے سی آر کی ملاقات اور اس سے قبل سی پی آئی اور سی پی آئی-ایم کے قائدین کے ساتھ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے  بی جے پی لیڈر نے کہا کہ کے سی آر خود کو بچانے کے لیے چالوں کا سہارا لے رہے ہیں۔

 سنجے نے ریمارک کیا کہ کے سی آر اپنے آپ کو بچا نہیں پائیں گے چاہے وہ لالو پرساد یادو کے بیٹوں، ملائم سنگھ یادو، کمیونسٹوں یا یہاں تک کہ طالبان، بنگلہ دیش یا القاعدہ  کا سہارا لیں۔ بی جے پی لیڈر نے یہ بھی الزام لگایا کہ بدعنوان ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ہزاروں کروڑ بنائے لیکن کے سی آر نے لاکھوں کروڑوں بنائے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ یہاں ان کے لیے تربیتی کیمپ چلا رہے ہیں۔ سنجے، جنہیں  پولیس کی اجازت کے بغیر کریم نگر میں احتجاج کرنے پر اس ماہ کے اوائل میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا، جیل سے رہائی کے بعد کے سی آر پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

 بی جے پی ٹی آر ایس کو نشانہ بنانے کے لیے اپنے قومی قائدین کو یہاں لا رہی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مدھیہ پردیش کےچیف منسٹر  شیوراج سنگھ چوہان اور آسام کے چیف منسٹر  ہمانتا بسوا سرما ان رہنماؤں میں شامل ہیں  جنہوں نے سنجے کی گرفتاری کی مذمت کرنے کے لیے گزشتہ چند دنوں کے دوران بی جے پی کے اجلاس میں شرکت کی۔ بی جے پی قائدین ٹی آر ایس حکومت کو سب سے بدعنوان قرار دے رہے ہیں اور یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ مرکزی حکومت کے پاس کے سی آر کی بدعنوانی کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔