Sunday, May 19, 2024
Homesliderکے سی آر کو گزشتہ 7 سال کے دوران دلتوں کی ترقی...

کے سی آر کو گزشتہ 7 سال کے دوران دلتوں کی ترقی کا خیال نہیں آیا

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔حضورآباد ضمنی انتخابات میں دلت بندھواسکیم کو متعارف کرنے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کا ہر گوشے سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے دریں اثناء  کانگریس رکن اسمبلی سیتکا نے  بھی الزام عائد کیاکہ کےسی آر کو صرف ضمنی انتخابات کے وقت عوام کی ترقی اور بھلائی کا خیال آتا ہے۔ دلتوں کی معاشی ترقی کا خیال گزشتہ سات برسوں کے دوران چیف منسٹر کو نہیں آیا جبکہ حضورآباد کے ضمنی انتخاب سے عین قبل چیف منسٹر نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپئے کی امداد پر مشتمل دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا۔

 میڈیا  نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سیتکا نے کہاکہ سات سال قبل کے سی آر نے میڑچل ملکاجگیری ضلع کے موڈو چنتلاپلی  کو ترقی کے لئے اڈاپٹ کیا تھا لیکن گاوں کی ترقی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ چیف منسٹر کے وعدوں کو عوام میں بے نقاب کرنے کے لئے 24 اور 25 اگسٹ کو صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں 48 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریونت ریڈی اور پارٹی کے دیگر قائدین 24 اگسٹ کی رات میں موڈو چنتلاپلی گاوں میں شب بسری کریں گے اور وہ احتجاج کے ختم تک موجود رہیں گے۔

سیتکا نے کہاکہ چیف منسٹر نے حال ہی میں بھونگیر ضلع کے واسالا مری گاوں کو ترقی کے لئے اڈاپٹ کیا ہے اور سیاسی فائدے کے لئے 74 خاندانوں میں دلت بندھو اسکیم کی رقم جاری کردی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ جس طرح چنتلاپلی گاوں کو چیف منسٹر نے نظرانداز کردیا ہے وہی حال واسالامری کا ہوگا۔ کانگریس کے سی آر کے وعدوں اور اعلانات کو عوام کے درمیان بے نقاب کرنا چاہتی ہے۔ دلتوں سے چیف منسٹر کی ہمدردی محض دکھاوا ہے اور حضورآباد ضمنی انتخابات کے فوری بعد تمام اعلانات کو برف دان کی نذر کردیا جائے گا۔