Saturday, May 18, 2024
Homesliderگاندھی ہاسپٹل میں عام امراض کا علاج بند صرف کورونا کے مریضوں...

گاندھی ہاسپٹل میں عام امراض کا علاج بند صرف کورونا کے مریضوں کا داخلہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ کوویڈ 19 کے معاملات میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر تلنگانہ کی  ریاستی حکومت نے گاندھی ہاسپٹل کو فوری اثر کے ساتھ خصوصی کوویڈ کیئر میں تبدیل کردیا ہے۔یہ اقدام وبائی امراض کی دوسری لہر کے دوران معاملات میں اضافے کے بعد کوویڈ مثبت مریضوں اور ان کے لواحقین کو دواخانوں کے بستروں اور صحت کی سہولیات کے لئے انتہائی دباؤ کے بعد کیا گیا ہے۔

دوسرے طبی محکموں کی جانب سے آنے والے دنوں میں سرجری ملتوی کرنے کے علاوہ گاندھی ہاسپٹل میں ہونے والی تمام حادثے / ہنگامی صورتحال اور آؤٹ پیشنٹ خدمات کو روک دیا گیا ہے ۔گاندھی دواخانے کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایم راجہ راؤ نے ایک سرکلر میں کہا ہے کہ ریاست بھر میں کوویڈ 19 کے مریضوں میں تیزی سے اضافے اور سینئر صحت حکام کی ہدایت کے مطابق تمام غیر کورونا  امراض کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔گاندھی دواخانہ میں دیگرخدمات اورآؤٹ پیشنٹ خدمات فوری طور پر روک دی گئی ہیں ۔

محکموں کے سربراہان اور اساتذہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ غیر کوویڈ معاملوں کو داخل نہ کریں اور ایمرجنسی اور دائمی طور پر بیمار مریضوں کی صورت میں انہیں دیکھا جائے اور پھر ان کا تبادلہ کیا جائے۔ ڈاکٹر راجہ راؤ نے سرکلر میں کہا  جو معاملات ان کے متعلقہ وارڈوں میں موجود ہیں ان کو جلد از جلد صاف کیا جانا چاہئے اور کوویڈ مریضوں کے لئے تمام بیڈ دستیاب کردیئے جائیں۔اب سے کوویڈ مثبت معاملات دواخانہ کے تمام وارڈوں اور تمام محکموں میں داخل کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر راؤ نے واضح کیا کہ تمام محکمے کوویڈ مریضوں کو 24 گھنٹے بغیر کسی رکاوٹ طبی امداد فراہم کریں۔

اس وقت گاندھی ہاسپٹل میں کوویڈ کے 450 سے زیادہ مریض داخل ہیں اور انہیں آئی سی یو اور وینٹیلیٹر کی دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔ گزشتہ روز دواخانہ میں کوویڈ سے متعلق 150 داخلے دیکھنے میں آئے  جس کی وجہ سے دواخانے کو صرف کوویڈکی سہولت میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سینئر محکمہ صحت کے عہدیداروں نے کہا ہے  کہ دواخانے  کا مریضوں کا بلاک پہلے ہی کوویڈ مثبت معاملات سے بھرا پڑا ہے۔