Sunday, May 19, 2024
Homeتازہ ترین خبریںگرمائی تعطیلات میں سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ تشویش ناک ، عوام...

گرمائی تعطیلات میں سرقہ کی وارداتوں میں اضافہ تشویش ناک ، عوام کو احتیاطی تدابیر کا مشورہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔22 مارچ : موسم گرما کا انتظار عوام کو بے چینی سے رہتا ہے کیونکہ وہ ان طویل تعطیلات میں اپنے آبائی مقامات کے علاوہ دوست احباب اور افراد خاندان سے ملاقات کے لئے دور دراز کے مقامات کو روانہ ہوتے ہیں لیکن یہی وہ وقت ہوتا ہے جب سارقوں کی چاندی ہوتی ہے کیونکہ چوروں کی نظر ایسے گھروں پر ہوتی ہے جہاں لوگ طویل عرصے کے لیے اپنے مکان سے دور رہتے ہیں۔

گرما کی تعطیلات جہاں عوام کو اپنے دوست احباب سے ملاقات کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے تو وہیں دوسری جانب یہ تعطیلات سارقوں کے لئے بھی کسی بہترین موقع سے کم نہیں ہوتیں کیونکہ ان کی نظر پہلے سے ہی ایسے مکانات پر ہوتی ہے جو طویل عرصے کے لئے بند رہتے ہیں ۔سائبر آباد پولیس نے کئی ایک رہنمایانہ اصول جاری کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اگر گرمائی تعطیلات کے لئے چھٹیاں گزارنے کہیں دور دراز کے مقامات پر جارہے ہیں اور اپنے گھروں کو کافی عرصے کے لیے مقفل کر رہے ہیں تو وہ احتیاطیتی تدابیر ضرور استعمال کریں ۔ پولیس کے بموجب گرمائی تعطیلات میں نہ صرف شہر میں مقامی چوروں کی ٹولی بلکہ بین ریاستی ٹولیاں بھی سرقہ کی واردات انجام دیتی ہیں ۔

بین ریاستی چوروں کی ٹولیوں میں مہاراشٹر ،کرناٹک ، ٹاملناڈو ، اترپردیش اور بہار کی ٹولیاں قابل ذکر ہیں ۔ ایک جانب پولیس نے موسم گرما میں ہونے والی چوریوں روکنے کے لئے اقدامات کئے ہیں دوسری جانب ڈی سی پی روہنی پریادرشنی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اگر گرمائی تعطیلات میں اپنے گھر کو مقفل کرتے ہوئے دوسرے مقام کا سفر کر رہے ہیں تو سب سے پہلے اپنے پڑوسی کو اس کی اطلاع دیں۔ جس کے بعد مقامی پولیس کو بھی پٹرولنگ کے لئے مطلع کریں ۔ گھروں میں کم از کم ایک لائٹ جلائے رکھیں تاکہ ایسا محسوس ہو کہ گھر میں کوئی موجود ہے ۔

گھر کے دروازے پر قفل ڈالنے کے بعد دروازے پردہ چھوڑ دیں ۔ سی سی ٹی وی کیمر نصب کریں اور اس کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ1500 تا 2000 روپئے کرائے پر بھی سی سی ٹی وی کیمرے دستیاب ہوتے ہیں ۔ اگر آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں تو سوسائٹی کے ارکان اور سکیورٹی عملے کو اطلاع دیں ۔ گھر کے سامنے کتوں سے باخبر کا بورڈ بھی نصب کریں۔ بہتر ہے کہ اپنے گھر کے قیمتی اشیاءکی ایک فہرست تیار رکھیں کیونکہ اگر گھر میں چوری ہوجاتی ہے تو اشیاءکی تفصیلات آسانی سے حاصل

کی جاسکے ۔ بہتر ہے کہ نقد، سونا، چاندی اور دیگر قیمتی اشیاءکو بینک لاکرز میں ہیں محفوظ رکھیں ۔ اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ جب ہم تعطیلات میں چھٹیاں گزارنے کسی مقام پر جاتے ہیں تو فیس بک ، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر اس کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں کہ ہم فلاں وقت اور دن فلاں مقام کے لئے روانہ ہورہے ہیں وغیرہ وغیرہ ، جس سے سب کو یہ معلوم ہوتا ہے کہ آپ کتنے دنوں کے لیے اپنے شہر اور گھر سے باہر ہیں جس کا سارق ہی فائدہ اٹھاتے ہیں لہٰذا بہتر ہے کہ تعطیلات گزارنے کے لئے آپ جس مقام پر اور جتنے دن کے لئے جارہے ہیں اس کی تفصیلات سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں ۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ موسم گرما کی تعطیلات میں ہونے والی وارداتوں اور چوریوں کو روکنے کے لئے اس مرتبہ سخت اقدامات کر دیے ہیں اور ساتھ ہی متعلقہ پولیس اسٹیشنز کو بھی مطلع کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے حساس مقامات پر حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنائیں۔