Saturday, May 18, 2024
Homesliderگھر کے سامنے ‘‘ ٹولیٹ ’’ بورڈ لگانا سائبر دھوکہ بازوں کو...

گھر کے سامنے ‘‘ ٹولیٹ ’’ بورڈ لگانا سائبر دھوکہ بازوں کو دعوت دینا ،عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ سائبر کرائم پولیس نے گھروں کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ سائبر مجرموں کے لوٹنے اور دھوکہ دہی کے  انوکھے طریقوں سے ہوشیار رہیں  کیونکہ گھر پر ‘‘ ٹو لیٹ ’’ کے بورڈ دیکھنے کے بعد وہ آن لائن رقم منتقلی  کا لالچ دیکر مکان مالک کے بنک سے رقم  لوٹ رہے ہیں ۔ ۔حال ہی میں  ایل بی نگر کے ایک مکان کے مالک نے او ایل ایکس ویب سائٹ میں ایک اشتہار شائع کیا جس میں اس نے اپنے مکان کو کرائے پر دینے کی پیشکش کی اور اس گھر کی تصاویر اور ویڈیو  بھی شائع کی ۔ اشتہار کا جواب دیتے ہوئے ایک شخص نے گھر کو پسند کیا اور مکان کے مالک سے کرائے کے بارے میں دریافت کیا۔ مالک نے 13،000 روپے ماہانہ کرایہ بتایا۔ دھوکہ باز  شخص نے مکان کے مالک سے کیو آر کوڈ اسکین کرنے کی ہدایت دی  کہا تاکہ وہ دو ماہ کا  26،000 روپے  کرایہ پیشگی ادا کر سکے۔ جس پر  گھر کے مالک نےکیو آر کوڈ اسکین کیا  جس کے بعد اسے پیسہ ملنے کے بجائے اس کے بینک اکاؤنٹ سے 26،000 روپے لوٹ لئے گئے ۔

حیران و پریشان  گھر کے مالک نے اس کی اطلاع  اس شخص کو دی ۔  جس پر اس نے جواب دیتے ہوئے دوسراکیو آر  کوڈ بھیجا اور گھر کے مالک سے اس کو اسکین کرنے کی ہدایت دی ۔مالک مکان نے 26 ہزار روپئے کے واپس ملنے کی امید میں  ایک بار پھر کیو آر کوڈ اسکین کیا ۔کوڈ اسکین کرنے کےبعد اسے 26 ہزار رقم واپس ملنا تو دور اس  گھر کے مالک کے بینک اکاؤنٹ سے اور زیادہ رقم غائب ہوگئی ۔ گھر کے مالک کے اکاؤنٹ سے لوٹی گئی جملہ رقم 80،000 روپے تھی۔ سائبر جرائم پیشہ افراد ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔ اب انہوں نے ان گھروں پر اپنی نگاہیں جما رکھی ہیں جو کرائے پر دستیاب  ہیں اور ان گھروں کے سامنے ‘‘ ٹولیٹ ’’ کا بورڈ چسپاں کیا گیا ہو۔

کیو آر کوڈز اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے پیشگی ادائیگی کے نام پر مکان مالکان کے بینک اکاؤنٹس خالی کر رہے ہیں۔ چونکہ کئی گھروں سے لوگوں نے کورونا وائرس کے خوف سے شہر چھوڑ کر اپنے آبائی مقامات کی طرف روانہ ہو گئے  اور شہر میں  بہت سے گھر وں کے مالکان نے اپنے گھروں کے سامنے ٹو لیٹ بورڈ آویزاں کیے۔ درحقیقت ، کچھ مکان مالکان کرائے کی آمدنی کے ذریعے ماہانہ اقساط  ادا کرتے تھے۔ کچھ دوسرے اپنے خاندانوں کی کفالت کر تے  ہیں۔ گھر کے مالکان نے میڈیا میں اشتہارات ڈالے ، بشمول او ایل ایکس  پر تصاویر اور ویڈیوز شائع  کرتے  ہوئے  کرائے پر اپنے مکانات کی پیشکش کررہے ہیں لیکن  سائبر دھوکہ بازوں نے ان اشتہارات کو نشانہ بنایا ہوا ہے  اور ایڈوانس بھیجنے کے نام پر وہ مکان مالکان کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ حیدرآباد ، راچکنڈا اور سائبر آباد پولیس کمشنر کے پاس کئی شکایات درج کی گئی ہیں۔ پولیس گھروں کے مالکان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور دھوکے باز کے جال میں نہ پھنسیں۔ وہ لوگوں کوکیو آر کوڈ اسکین کرنے ، موبائل ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے اور پاس ورڈ شیئر کرنے سے پہلے تمام پہلوؤں سے اطمینان کرلیں ۔