Thursday, May 16, 2024
Homesliderگیان واپی مسجد کمپلیکس کا سروے مکمل  ، منگل کو عدالتی کارروائی

گیان واپی مسجد کمپلیکس کا سروے مکمل  ، منگل کو عدالتی کارروائی

- Advertisement -
- Advertisement -

وارانسی ۔ اتر پردیش کے وارانسی ضلع میں گیان واپی مسجد کمپلیکس کے سروے ۔ویڈیو گرافی کا کام پیر کو تیسرے دن سخت سیکورٹی کے درمیان مکمل ہوا۔وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے پیر کومیڈیا نمائندوں  کو بتایا پیرکے دن  دو گھنٹے اور 15 منٹ سے زیادہ کا سروے کرنے کے بعد عدالت کے ذریعہ تشکیل کردہ کمیشن نے صبح تقریباً 10.15 بجے اپنا کام ختم کیا۔ تمام پارٹیاں سروے کے کام سے مطمئن تھیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گیانواپی مسجد مشہور کاشی وشوناتھ مندر کے قریب واقع ہے۔ مقامی عدالت خواتین کے ایک گروپ کی طرف سے اس درخواست کی سماعت کر رہی ہے جس میں اس کی بیرونی دیواروں پر بتوں کے سامنے روزانہ نماز ادا کرنے کی اجازت مانگی  ہے۔

اتوار کو ضلع مجسٹریٹ شرما نے کہا تھا کہ پیر کو سروے کا کام صبح 8 بجے شروع ہوگا اور اس دوران تمام فریقین کو مسجد کے احاطے میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندو فریق کے وکیل مدن موہن یادو نے اتوار کو کہا تھا کہ سروے کا تقریباً 65 فیصد کام آج مکمل ہو گیا ہے اور یہ کل (پیر) تک جاری رہے گا۔یادو نے کہا تھا کہ چونکہ ایڈوکیٹ اس طرح کے سروے کے کام کے عادی نہیں ہیں اور یہ خالصتاً آثار قدیمہ کے سروے کا کام ہے، اس میں کچھ وقت لگ رہا ہے۔وارانسی کی ایک عدالت نے جمعرات کو ایک درخواست کو مسترد کر دیا جس میں ایڈوکیٹ کمشنر (کورٹ کمشنر) اجے مشرا کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، جسے گیانواپی ۔شرینگر گوری کمپلیکس کے سروے ۔ویڈیو گرافی کے کام کے لیے مقرر کیا گیا تھا، اس پر جانبداری کے الزام میں ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی ۔ عدالت نے واضح کیا کہ گیانواپی مسجد کے اندر بھی ویڈیو گرافی کی جائے گی۔

سول کورٹ کے جج (سینئر ڈویژن) روی کمار دیواکر نے ایڈوکیٹ کمشنر مشرا کو ہٹانے کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے وشال سنگھ کو اسپیشل ایڈوکیٹ کمشنر اور اجے پرتاپ سنگھ کو اسسٹنٹ ایڈوکیٹ کمشنر مقرر کیا۔انہوں نے پورے کیمپس کی ویڈیو گرافی کے بعد 17 مئی تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ضلعی عدالت نے کہا تھا کہ اگر سروے کے مقصد کے لیے احاطے کے کچھ حصوں تک رسائی کے لیے چابیاں دستیاب نہیں ہیں تو تالے توڑے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے عہدیداروں  کو سروے کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔اس سے پہلے سپریم کورٹ نے جمعہ کو سروے پر جمود کا عبوری حکم  جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے سروے کے خلاف مسلم فریق کی درخواست کو فہرست میں شامل کرنے پر غور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔