Friday, May 17, 2024
Homesliderہاکی کھلاڑیوں پر دولت کی بارش، اراضی ، مکانات اور ملازمتوں کا...

ہاکی کھلاڑیوں پر دولت کی بارش، اراضی ، مکانات اور ملازمتوں کا اعلان

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ ہندوستانی ٹیم جس نے 41 برس بعد ہاکی میں اولمپکس میڈل حاصل کیا اور اس کامیابی کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں میں دولت کی بارش ہورہی ہے ،حکومتوں کی جانب سے کروڑوں روپیوں کے نقد انعامات،اراضی ، مکان اور ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان ہوچکا ہے۔اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے دو ہریانہ کے کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے 2.5 کروڑ روپئے ، زمین اور ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔علاوہ ازیں مدھیہ پردیش نے بھی انعام کا اعلان کیا ہے ۔

دریں اثنا پنجاب حکومت نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ ہرایک ریاستی ہاکی کھلاڑی کو نقد انعام دے گی جوٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی ہندوستانی مرد ٹیم کا حصہ ہیں۔ پنجاب کے وزیر کھیل رانا گرمیت سنگھ سودھی نے یہ اعلان اس وقت کیا جب ہندوستان نے برونز میڈل کے پلے آف میں جرمنی کو 5-4 سے شکست دی۔ سودھی نے ٹویٹ کیا ہندوستانی ہاکی کے اس تاریخی دن میں مجھے پنجاب کے کھلاڑیوں کے لئے 1 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم میں پنجاب کے کپتان من پریت سنگھ سمیت آٹھ کھلاڑی ہیں۔ دیگر ہرمن پریت سنگھ ، روپندر پال سنگھ ، ہردیک سنگھ ، شمشیر سنگھ ، دلپریت سنگھ ، گرجنت سنگھ اور منڈیپ سنگھ ہیں۔ سودھی نے اعلان کیا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے والے ریاست کے ہاکی کھلاڑیوں کو اگر ٹیم گولڈ میڈل جیتتی ہے تو ہر ایک کو 2.25 کروڑ روپے ملیں گے۔ اس برونز میڈل سے پہلے ہندوستان نے ماسکو میں 1980 کے کھیلوں میں ہاکی میں اولمپک میڈل جیتا تھا۔

سودھی نے کہا کہ انہیں ٹوکیو اولمپکس میں پوری ہندوستانی ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر بے حد فخر ہے۔ سودھی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا یہ تاریخی برونز سے لطف اندوز ہونے اور جشن منانے کا وقت ہے۔ بطور وزیر کھیل پنجاب یہ میرا فرض اور فخر کی بات ہے کہ قومی کھیل کو فروغ دینا ، اس کی حوصلہ افزائی کرنا اور پرچم اٹھانے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے بھی ٹیم کو اس کی کامیابی پر مبارکباد دی۔