Saturday, May 18, 2024
Homesliderہندوستانی بولروں کا شاندار مظاہرہ ، آسٹریلیا 195 رنز پر ڈھیر

ہندوستانی بولروں کا شاندار مظاہرہ ، آسٹریلیا 195 رنز پر ڈھیر

- Advertisement -
- Advertisement -

میلبورن۔ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ 56 رنز کے عوض 4 وکٹوں، آف اسپنر روی چندرن اشون 35 رنز پر تین وکٹوں اور کیریر کا پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے محمد سراج کے 40 رنز پر دووکٹوں کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو دوسرے اور باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن پہلی اننگز میں195 رن پر ڈھیرکردیا۔ ہندوستان نے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 36 رن بنالئے ہیں اور وہ آسٹریلیا کے اسکور سے ابھی 159 رن پیچھے ہے ۔ آسٹریلیا کو72.3 اوور میں195 رن پر سمیٹنے کے بعد ہندوستان کی شروعات خراب رہی اور اوپنر مینک اگروال کھاتہ کھولے بغیر پہلے اوور میں ہی میچل اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ کیریر کا پہلا ٹسٹ میچ کھیل رہے نوجوان اوپنر شبھمن گل نے بغیر کسی دباؤمیں جارحانہ بیٹنگ کی اور کچھ شاندار چوکے بھی لگائے ۔گل اور چتیشور پجارا نے دوسری وکٹ کے لئے ناٹ آوٹ اننگز میں36 رنز جوڑے ۔ گل38 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز اور پجارا23 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے سات رن بناکرکریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن بُمراہ نے اوپنر جو برنس کو کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ پانچویں اوور میں اس کامیابی کے بعد ہندوستانی بولروں نے آسٹریلیا پر دباؤ بنائے رکھا۔

 دو سال قبل بمراہ اسی میدان پر باکسنگ ڈے ٹسٹ میں مجموعی طور پر9 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ رہے تھے ۔انہوں نے اس بار بھی اپنی کارکردگی جاری رکھی اور16 اوورز میں56 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔آف اسپنر اشون نے 24 اوورز کی بہترین بولنگ میں محض35 رنز دیکر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اشون نے آسٹریلیا کے اسٹار بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کو لگاتار دوسری بار اپنا شکار بنایا۔ پہلے ٹسٹ میں اسمتھ ایک رن بنا پائے تھے اور اس مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے ۔اشون نے اسمتھ کو اپنے جال میں پھنساتے ہوئے لیگ سلپ پر چتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کرایا۔سراج نے اس مقابلے میں اپنے کرئیر کا آغازکرتے ہوئے15 اوور میں40 رنز دے کر دو وکٹیں اپنے نام کی۔

محمد سراج کو زخمی محمد سمیع کے مقام پر ٹیم میں شامل کیا گیااور انہوں نے اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو وکٹ لئے جس میں آسٹریلیائی اننگز میں سب سے زیادہ48 رنز بنانے والے مانرس لابوشین کا وکٹ شامل ہے ۔ سراج نے گیندکے علاوہ اچھی فیلڈنگ کرتے ہوئے دوکیچ بھی لئے ۔مستقل کپتان وراٹ کوہلی کے وطن واپس آنے کے بعد ٹیم میں شامل بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے5.3 اوور میں15 رنز پر ایک وکٹ حاصل کیا۔ امیش یادو کو12 اوورز میں39 رنز پر کوئی وکٹ نہیں ملی۔ہندوستان نے اس مقابلے میں چار تبدیلی کی اور اوپنر شبھمن گل اور فاسٹ بولر سراج کو ٹسٹ کرئیر کے آغاز کا موقع دیا جبکہ آل راونڈر جڈیجہ اور وکٹ کیپر رشبھ پنت نے ٹیم میں واپسی کی۔علاوہ ازیں راہانے کی کپتانی بھی متاثر کن رہی ۔