Wednesday, May 15, 2024
Homesliderہندوستانی ٹیم ناک آؤٹ دباؤبرداشت کرنے میں ناکام :گمبھیر

ہندوستانی ٹیم ناک آؤٹ دباؤبرداشت کرنے میں ناکام :گمبھیر

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم کے سابق اوپنرگوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ آئی سی سی ٹورنمنٹ کے بڑے میچوں میں ہندوستانی ٹیم کو دباؤکا سامنا کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے اس نے بہت سے فیصلہ کن میچ ہارے ہیں۔اسٹار اسپورٹس شوکرکٹ کنکٹڈ میں بڑے ٹورنمنٹوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے دباؤکا سامنا کرنے پرگمبھیر نے کہا کہ ایک اچھے کھلاڑی اور ایک بہت اچھے کھلاڑی میں یہ فرق ہوتا ہے کہ وہ آپ کو فیصلہ کن میچوں میں اپنی ذمہ دارانہ کارکردگی سے میچ جتاسکتا ہے ۔ میری نظر میں ہندوستانی ٹیم ان میچوں میں دباؤکا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہے جبکہ دوسری ٹیمیں بھی یہ کام کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ سیمی فائنل اور فائنل کی کارکردگی کو دیکھیں تو آپ دیکھیں گے کہ ٹیم لیگ کی سطح میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے لیکن جیسے ہی سیمی فائنلز اور ناک آؤٹ میچ آتے ہیں تو ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہوجاتی ہے ۔ اس کی وجہ کمزور ذہنیت ہے ۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس سب کچھ ہے ۔ ہمارے پاس عالمی چمپین بننے کی صلاحیت ہے لیکن آپ کو عالمی چمپیئن نہیں کہا جاسکتا جب تک کہ آپ اسے کرکٹ کے میدان پر ثابت نہیں کرتے ہیں۔

گمبھیر نے کہا کہ ایسی حالت میں آپ کو اپنی قابلیت دکھانی ہوگی۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ دو طرفہ سیریز اور لیگ کی سطح میں آپ کو غلطیاں کرنے کے مواقع ملتے ہیں لیکن ناک آؤٹ میں آپ غلطی نہیں کرسکتے ہیں۔ اگر آپ نے غلطی کی ہے تو آپ کو سیدھے گھر جانا پڑے گا۔ اس جگہ پر اعتماد کی ضرورت ہے جو فیصلہ کن میچوں میں ہندوستانی ٹیم کے پاس نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی ٹیم اکثر ناک آؤٹ میچوں میں غوطہ کھا جاتی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم 2016 میں ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں،2017 میں چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان اورگذشتہ سال منعقدہ آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے ہارگئی تھی۔ ان تمام ٹورنمنٹس کے لیگ میچوں میں ہندوستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔