Monday, May 20, 2024
Homeاسپورٹسہندوستانی ٹیم کا ٹسٹ سیریز میں بھی صفایا

ہندوستانی ٹیم کا ٹسٹ سیریز میں بھی صفایا

- Advertisement -
- Advertisement -

کرائسٹ چرچ ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم جس نے دورہ نیوزی لینڈ کا عالمی ریکارڈ کے ساتھ آغاز کیا تھا اسے ٹسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے ساتھ دورہ کا اختتام کرنا پڑا ہے ۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ڈھائی دن میں ہندوستان کو 7 وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر ٹسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ ویلنگٹن میں بھی نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 10 وکٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی تھی ۔ اس شکست کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے بہت سارے اسباق کے ساتھ اپنے طویل سفر دورے نیوزی لینڈ کا اختتام کرلیا۔

ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں میزبان ٹیم کوشکست دے کر اپنے اس دورے کا آغاز کیاتھا لیکن اس کے بعد تین میچوں کی ونڈے سیریز میں نیوزی لینڈ نے مہمان ٹیم کو3-0 شکست دے دی اور اب دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ بھی کیا ہے۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ 180 نشانات کے ساتھ آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔اپنی عزت بچانے کے لئے ہندوستانی ٹیم کے پاس کرائسٹ چرچ ٹسٹ کا آخری موقع تھا لیکن ایک مرتبہ پھر ہندوستانی ٹیم اپنی کمزوریوں پر قابوپانے میں ناکا م ہوئی اور میزبان ٹیم کو جیت کے لئے صرف 132 رنزکا نشانہ دیا۔

نیوزی لینڈ نے تین وکٹیں گنوا کر مطلوبہ نشانہ آسانی سے حاصل کرلیا۔ ٹیم نے پہلی اننگز میں 242 رنز بنائے تھے ، جس کے بعد ہندوستانی بولروں نے نیوزی لینڈ ٹیم کو پہلی اننگز 235 میں رنز پرآل آوٹ کردیا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں نے اپنے ہی بولروں کی سخت محنت کوضائع کردیا اور دوسری اننگز میں ٹیم صرف 124 رنز پرآل آوٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کے سامنے آسان ہدف رکھا۔ دوسری اننگز میں ، ٹام لیتھم نے 52 ، ٹام بلینڈل نے 55 رن اورکین ولیمسن نے 5 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 235 رنز پر روکنے میں کامیاب ہونے والی ہندوستانی ٹیم نے دوسرے ہی دن اپنی دوسری اننگز میں 90 رنز پر چھ وکٹیں گنوا دیں۔ ایک مرتبہ پھرہندوستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوا۔

 چیتشور پجارا نے دوسری اننگز میں سب سے زیادہ 24 رنز بنائے۔ تاہم ، ایک وقت میں سب کو ہنوما ن وہاری اور رشبھ پنت سے توقعات تھیں جو دوسرے دن کچھ بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے۔ تیسرے دن دونوں نے ہندوستانی اننگز کو 90 رنز سے آگے بڑھا کر دن کا کھیل شروع کیا لیکن صرف 47 منٹ میں ہی ٹیم آل آوٹ ہوگئی۔ 97 رنز پر ہندوستان کو دن کا پہلا دھکا ہنوما ن وہاری کی شکل میں لگا۔ اس کے بعد 97 رنز پر ہی پنت آوٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد رویندرجڈیجہ ، محمد سمیع اور جسپریت بمراہ کے ساتھ مل کر اننگزکو124 رنز تک پہنچایا۔

جڈیجہ 16 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ ہنوما وہاری نے9 اورپنت نے4 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے لئے بولٹ نے چاراور ٹم ساوتھی نے 3 وکٹیں لیں۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں جر جسپرےت بمراہ نے میزبان نیوزی لینڈ کو پریشان کیا لیکن ٹیم میچ کو نہیں بچاسکی کیوں کہ ہدف بڑا نہیں تھا۔ اومیش یادو نے لیتھم اور بلنڈل کے مابین پہلی وکٹ کےلئے 100 رنزکی بڑی شراکت توڑ دی۔ یادو نے لیتھم کو پنت کے ہاتھوں 52 رنز پر آوٹ کیا۔ اس کے بعد بمراہ نے نیوزی لینڈکے کپتان کین ولیم سن کو 5 رن بنانے کے بعد اجنکیا رہانے کے ہاتھوں آوٹ کروادیا اوراس کے بعد ٹول بلنڈل کو 55 کے اسکور پربمراہ نے بولڈ کیا اور نیوزی لینڈ کو تیسرا جھکا لگا۔ بمراہ کی عمدہ بولنگ کے باوجود ہندوستان میچ نہیں بچاسکا لیکن ایک بڑی شکست سے بچ گیا۔