Monday, May 20, 2024
Homeاسپورٹسہندوستان اور نیوزی لینڈ میں ناقابل تسخیر رہنے کی لڑائی

ہندوستان اور نیوزی لینڈ میں ناقابل تسخیر رہنے کی لڑائی

- Advertisement -
- Advertisement -

ناٹنگھم ۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء میں تاحال 2 ناقابل تسخیر ٹیموں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعرات کو اہم مقابلہ کھیلا جائے گا جس میں دونوں کی ٹیمیں ٹورنمنٹ میں اپنے غیرمفتوح موقف برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوں گی جبکہ عالمی ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے خلاف نیوزی لینڈ کا ریکارڈ کسی قدر بہتر ہے، لیکن ہندوستانی ٹیم کا موجودہ فام اور کھلاڑیوں کی دستیابی اسے نیوزی لینڈ کو برابر کا چیلنج دینے والی ٹیم بنا رہی ہے۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں بارش کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا گیا ہے۔

ہندوستانی ٹیم کو اپنے کامیاب اوپنر شکھر دھون کی خدمات دستیاب نہیں ہیں کیونکہ وہ انگلی کے زخم کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے 3 ہفتوں کیلئے باہر ہوچکے ہیں۔ دھون اور روہت شرما کی کامیاب جوڑی نے کریر میں 4,681 رنز اسکور کئے ہیں اور ٹیم کیلئے کامیاب ترین اوپننگ جوڑی کا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، لیکن دھون کی عدم موجودگی سے ٹیم میں موجود تیسرے اوپنر لوکیش راہول کو اننگز کے آغاز اور خود کی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔

روہت اور راہول کی اوپننگ جوڑی کو نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ ، ہنری نیکولاس اور لیوکی فیرگوسن کی تیز گیندوں کا چیلنج رہے گا۔ نمبر 3 پر ویراٹ کوہلی حسب معمول بیٹنگ کریں گے جبکہ نمبر 4 کیلئے آل راؤنڈر وجئے شنکر اور دنیش کارتک کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری اور کپتان ویراٹ کوہلی سے امید کی جارہی ہے کہ وہ وجئے شنکر کو ان کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کی بنیاد پر کارتک پر ترجیح دیں گے۔

نمبر 4 جوکہ ورلڈ کپ سے پہلے بھی اہم موضوع رہا ہے کہ آخر اس نمبر پر کونسا کھلاڑی بیٹنگ کرے گا اور اب کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں بھی یہ مقام موضوع ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم جس نے اپنے ابتدائی تینوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے ٹورنمنٹ میں تاحال ناقابل تسخیر موقف کے ساتھ پہلے مقام پر فائز ہے، وہ اپنے اوپنر مارٹن گپٹل سے تیز رفتار شروعات کے علاوہ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر سے ایک ذمہ دارانہ بیٹنگ کی امید کررہی ہیں۔ بولنگ شعبہ میں اس کا اصل ہتھیار بولٹ ہوں گے جنہوں نے اپنی سوئنگ بولنگ سے پہلے ہی بیٹسمنوں کو پریشان کرچکے ہیں۔ وکٹ پر اگر سوئنگ نہیں ملی اور بولٹ متاثر کرنے میں ناکام رہیں گے تو بھی نیوزی لینڈ کے پاس فیرگوسن موجود ہیں جوکہ 150 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے کے علاوہ ہندوستانی بیٹسمنوں کو پریشان کرسکتے ہیں۔