Thursday, May 9, 2024
Homesliderہندوستان جیت کی دہلیز پر پہنچ کر کامیابی سے محروم

ہندوستان جیت کی دہلیز پر پہنچ کر کامیابی سے محروم

- Advertisement -
- Advertisement -

کانپور۔ خراب روشنی نے ہندوستانی امیدوں کو شدید نقصان پہنچایاہے جسیا کہ کانپور میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹسٹ پیر کو ڈرا پر ختم ہوا۔ چار سال میں ہندوستانی سرزمین پر یہ پہلا ڈرا ہوا ٹسٹ ہے۔ ہندوستان اور سری لنکا نے دسمبر 2017 میں ہندوستانی سرزمین پر آخری ڈرا ٹسٹ کھیلا تھا۔ آج ڈرا ہونے کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ہندوستانی سرزمین پر ٹسٹ کرکٹ میں چھ میچوں کی ہارکا سلسلہ بھی ختم کردیا۔

 اسپنر جڈیجہ( 40 رنز پر چار وکٹ) اور آف اسپنر روی چندرن اشون (35 پر تین وکٹ) کی خطرناک بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی جھولی میں تقریباً آچکا پہلا ٹسٹ میچ پیرکے روز نیوزی لینڈ کی آخری جوڑی کی جدوجہد کی وجہ سے ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ڈرا پر ختم ہوا۔ میچ کے آخری دن کے پہلے سیشن میں ہندوستانی بولروں کو کوئی کامیابی نہیں ملی اور میچ ڈرا کی طرف بڑھتا دکھائی دے رہا تھا لیکن لنچ اور چائے کے وقت کے درمیان میزبان بولروں نے تین اہم وکٹیں لے کر میچ کو دلچسپ بنا دیا جبکہ چائے کے وقفے کے بعد اشون اور جڈیجہ نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے میچ کو مکمل طور پرہندوستان کی طرف کردیا، وہیں اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے راچن رویندرا نے91 گیندوں پر ناٹ آوٹ18 رنز بنائے اور نمبر11 کے بیٹسمیناعجاز پٹیل( 2 ناٹ آؤٹ، 23 گیندوں) کا وکٹ ہندوستانی بولرس آخرتک حاصل نہیں کرسکے اور ٹیم دہلیز پرکھڑی جیت سے محروم ہوگئی۔

 ہندوستان کی پہلی اننگز کے345 رنزکے جواب میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز296 رنز پر سمٹ گئی تھی ۔49 رنزکی برتری حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 234 رن بناکر اننگز ڈکلیئر کی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 284 رنزکا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے کھیل کے اختتام پر نو وکٹوں کے نقصان پر165 رنز بنائے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا دوسرا اور آخری میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔

دریں اثناء آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلے ٹسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں ٹام لاتھم کو بولڈ کرکے اپنا 418 واں ٹسٹ وکٹ حاصل کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ سے آگے نکل گئے ہیں۔ 35 سالہ اشون پہلی اننگز میں تین وکٹ حاصل کرکے اپنے وکٹوں کی تعداد 416 پہنچا دی اور کل دوسری اننگز میں اپنا پہلا وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ہی ان کے 417 وکٹ ہوگئے تھے۔ آج انہوں نے اپنا دوسرا وکٹ لیا اور ہربھجن کا ریکارڈ توڑ دیا۔