Saturday, May 18, 2024
Homesliderہندوستان نے پہلے ٹی20 میں آسٹریلیا کو شکست دی

ہندوستان نے پہلے ٹی20 میں آسٹریلیا کو شکست دی

- Advertisement -
- Advertisement -

کینبرا۔بین الاقوامی کرئیر کا پہلا مقابلہ کھیلنے والے این نٹراجن اور یوزویند چہل کی شاندار بولنگ کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو11 رنز سے شکست دیکر تین مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔162 رنز کے نشانے کے تعاقب میں آسٹریلیائی ٹیم 150 پر ڈھیر ہوگئی ۔مین آف دی میچ چہل نے 25 اور نٹراجن نے 30 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ میزبان ٹیم کےلئے کپتان فنچ نے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے ۔ قبل ازیں اوپنرلوکیش راہول (51) کی نصف سنچری اوررویندرجڈیجہ کے ناٹ آوٹ(44) رنوں کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی 20 میں 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر161 رنوں کا چیلنجنگ اسکوکھڑاکیا۔

 راہول نے 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 اورجڈیجہ نے 23 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 44 رنز کی تیز رفتار اننگزکھیلی۔ ٹاس ہارکر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اوپنر شکھر دھون کو مچل اسٹارک نے بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ دھون نے چھ گیندوں میں ایک رن بنایا ۔ دھون کے بعد کپتان وراٹ کوہلی بھی زیادہ دیرکریز پر نہ ٹھہر سکے اور نوگیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے نو رنز بناکر آوٹ ہوئے ۔راہول نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے ٹیم کی اننگز کوآگے بڑھایا اور اپنی 12 ویں نصف سنچری مکمل کی لیکن اس کے بعد وہ اپنی اننگز کو آگے نہیں بڑھاسکے اورموئیسس ہینرکس کی گیند پر ایباٹ کو کیچ دئے ۔

مڈل آرڈر بیٹسمین سنجو سیمسن نے 15 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے ۔ منیش پانڈے بھی اپناجلوہ بکھیرنے میں ناکام رہے اور آٹھ گیندوں میں صرف دو رنز بناکر ایڈم زمپا کا شکار بنے ۔ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی کچھ خاص نہیں کرسکے اور انہوں نے ایک چھکے کی مدد سے 15 گیندوں پر 16رنز بنائے ۔ ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کئے گئے واشنگٹن سندر نے سات رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہینرکس نے چاراوور میں 22 رن دے کر تین، اسٹارک نے چاراوور میں 34 رن پر دو، زمپا نے چار میں 20 رنر پر ایک اور مچل سوپسن نے دواوور میں21 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔