Sunday, May 19, 2024
Homesliderہندوستان کا خواب چکنا چور، جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے جیت...

ہندوستان کا خواب چکنا چور، جنوبی افریقہ نے سیریز 2-1 سے جیت لی

- Advertisement -
- Advertisement -

کیپ ٹاؤن۔ کیگن پیٹرسن کی شاندار 82 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ نے جمعہ کونیولینڈزکرکٹ گراؤنڈ میں سیریز کا فیصلہ کن تیسرا ٹسٹ جیت کر ہندوستان کو نہ صرف سات وکٹوں سے شکست دی بلکہ اس کے یہاں پہلے سیریز جیتنے کے خواب کو بھی پورا ہونے نہیں دیا۔پیٹرسن کی وکٹ گرنے کے بعد راسی وین ڈیر ڈوسن اور ٹیمبا باوما نے 105 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کے ساتھ 212 رنز کا تعاقب کیا۔ سیریز میں 0-1 سے خسارہ میں رہنے کے باوجود 200 سے زائد ہدف کے تعاقب میں دو بار ٹاس ہارکر بھی جیت حاصل کی اور سیریز  2-1 سے اپنے نام کرلی ۔

چوتھے دن کے کھیل کا آغازپر پیٹرسن نے تھرڈ مین پر اسٹروک کھیلتے ہوئے  میچ کی اپنی دوسری نصف سنچری مکمل کی ۔ اس کا مطلب یہ بھی تھا کہ پیٹرسن نے سیریز میں تین بار پچاس کا ہندسہ عبور کیا ہے، جس میں جاری میچ میں دو مرتبہ نصف سنچریاں بھی شامل ہے۔ ہندوستانی فاسٹ بولروں محمد سمیع اور جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کی اور کئی مرتبہ بیٹرس کے بیرونی کناروں کے قریب سے گیندیں گزریں لیکن ہندوستانی جوڑی ابتدائی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔

پیٹرسن نے سمیع  اور بمراہ کو آف سائیڈ پر مزید دو چوکے لگائے۔ بعدازاں 54 رنز کی شراکت کو شاردول ٹھاکر نے توڑا، جس نے پیٹرسن کو گیند اپنے اسٹمپ پر کھیلنے پر مجبور کیا  اور وہ اپنی پہلی ٹسٹ سنچری سے محض  18 رنز دور رہ گئے۔

پیٹرسن کی 113 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز، ان کے کیریئر کا بہترین اسکور رہا  جبکہ پہلی اننگز میں انہوں نے شاندار 72 رنز بنائے ۔ 28 سالہ نوجوان پیٹرسن نے تین میچوں کی سیریز کی چھ اننگز میں 276 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے  جس پر انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑ ی قرار دیا گیا ۔پیٹرسن کی وکٹ کے بعد ہندوستان کےلئے کامیابی کےلئے کوئی کرشمہ ہی درکار تھا لیکن  ٹیمبا باوما نے شاندار اور کسی قدر جارحانہ اننگز کھیل کر مقابلے کو جلد ختم کردیا ۔باوما نے 32 رنز اور ڈوسن نے 41  رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلتے ہوئے مطلوبہ 212 رنز کا نشانہ تین وکٹوں پر حاصل کرلیا۔