Sunday, May 19, 2024
Homesliderہندوستان کا کسان وزیر اعظم مودی سے زیادہ سمجھدار : راہول گاندھی

ہندوستان کا کسان وزیر اعظم مودی سے زیادہ سمجھدار : راہول گاندھی

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ اس وقت ہندوستان میں کسان اور مودی حکومت کے درمیان چھتیس کا ہندسہ ہے کیونکہ ایک جانب حکومت اپنے متنازعہ زرعی قوانین کے نفاذ کےلئے بضد ہے تو دوسری جانب کسان اپنے حقوق کے لئے اپنی جانوں کو بھی قربان کرنے کےلئے تیار ہے اور اسی تناظر میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کسان کو مودی سے زیادہ سمجھدار قرار دیا ہے ۔

 کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے زراعی قوانین کے خلاف کسانوں کے مطالبے کو پورا نہ کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی مذاکرات کے بہانے انہیں تھکانا چاہتے ہیں لیکن احتجاج کرنے والے کسان مودی سے زیادہ سمجھدار ہیں اور وہ تھکنے یا ہمت ہارنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کے بہکاوے میں آنے والے ہیں۔

 راہول گاندھی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر پر ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت کسانوں کو آہستہ آہستہ ختم کرنا چاہتی ہے لیکن کسان مودی حکومت کی اس پالیسی کو سمجھ چکے ہیں، اس لیے وہ سڑکوں پر اترآئے ہیں۔ ان حالات میں وہ کسانوں کی تحریک میں ان کی مدد کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

راہول نے مزید کہا کہ ہندوستان کا کسان وزیر اعظم سے زیادہ سمجھدار ہے اور وہ جانتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے اور کیا نہیں ہورہا ہے ۔ یہی سچائی ہے اور اس کا واحد حل یہ ہے کہ ان تینوں کالے قوانین کو واپس لیا جائے۔ تکبر میں ڈوبی ہوئی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ کسانوں کو تھکایا جاسکتا ہے ، انہیں بے وقوف بنایا جاسکتا ہے لیکن کسان کو نہ تو تھکایا جاسکتا ہے اور نہ ہی بے وقوف بنایا جاسکتا ہے ۔

 مودی حکومت پر چند سرمایہ داروں کے مفاد میں کام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اس ملک کےچار پانچ نئے مالکان ہیں اور مودی ان چند افراد کے ہاتھوں میں پورے ہندوستان کے زراعت کا ڈھانچہ سونپ رہے ہیں۔مودی حکومت کے گزشتہچھ سات برسوں پر نظر ڈالی جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہر صنعت میں صرف ان چار پانچ افرادکی اجارہ داری قائم کی جارہی ہے ۔ایرپورٹس ہوں یا ٹیلی کام کے شعبے ، جہاں کہیں بھی دیکھیں، صرف ان چند سرماہ کاروںکی اجارہ داری قائم ہوئی ہے ۔