Friday, May 10, 2024
Homeاسپورٹسہندوستان کو سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ریکارڈ بہتر کرنے کا سہنری...

ہندوستان کو سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ریکارڈ بہتر کرنے کا سہنری موقع

- Advertisement -
- Advertisement -

سڈنی۔آئی سی سی ویمنس ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کا کل یہاں انگلینڈ سے اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ دفاعی چمپئن آسٹریلیا سے ہوگا۔ شاندار فام میں موجود اور اپنے گروپ کے چاروں میچ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے پاس انگلینڈ سے دو سال پہلے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کا بدلہ چکانا کا موقع رہے گا۔ ہندوستانی ٹیم نومبر 2018 میں ویسٹ انڈیز میں ہوئے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں 19.3 اوور میں 112 رنز پرسمٹ گئی تھی جبکہ انگلینڈ نے 17.1 اوور میں دو وکٹ پر 116 رنز بنا کر میچ جیت لیا تھا۔

اس سے پہلے 2017 میں انگلینڈ میں ہوئے ونڈے ورلڈکپ میں ہندوستان کا فائنل میں میزبان انگلینڈ سے مقابلہ ہوا تھا اورانگلینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو نو رنز سے شکست دے کر خطاب جیت لیا تھا۔ انگلینڈ نے 50 اوور میں سات وکٹ پر 228 رن بنائے تھے جبکہ ہندوستانی ٹیم 48.4 اوور میں219 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ رواں ورلڈکپ میں ہندوستان نے گروپ اے میں اپنے چاروں میچ جیتے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم گروپ بی میں چار میں سے تین میچ جیت کر چھ نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ گروپ اے میں آسٹریلیا دوسرے اورگروپ بی میں جنوبی افریقہ سات پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر رہی ہے۔

ہندوستان نے گروپ مرحلے میں ورلڈ چمپئن آسٹریلیا کو سڈنی میں 17 رنز سے، بنگلہ دیش کو پرتھ میں 18 رنز سے، نیوزی لینڈ کو میلبورن میں تین رنز سے اور سری لنکا کو میلبورن میں سات وکٹ سے شکست دی ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کا سیمی فائنل سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ نے اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ سے چھ وکٹ سے گنوایا لیکن اس کے بعد اس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تھائی لینڈکو 98 رنز سے، پاکستان کو42 رنز سے اور ویسٹ انڈیزکو 46 رنز سے شکست دی۔

جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز میچ منسوخ ہونے سے دونوں ٹیموں کے درمیان نشانات کی تقیسم ہوئی اوریہ ورلڈکپ کے گروپ مرحلے کا آخری مقابلہ تھا جو بغیر ٹاس ہوئے ہی بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا۔ جنوبی افریقہ گروپ بی میں چار میچوں میں تین جیت اور ایک منسوخ میچ کے ساتھ سات پوائنٹس لے کر پہلے نمبر پر رہا جبکہ ویسٹ انڈیز چار میچوں میں ایک جیت، دو ہار اور ایک منسوخ میچ کے ساتھ تین پوائنٹس لے کر ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئی۔