Thursday, May 16, 2024
Homesliderہندوستان کے ساتھ مذاکرات مثبت: چینی میڈیا

ہندوستان کے ساتھ مذاکرات مثبت: چینی میڈیا

- Advertisement -
- Advertisement -

نئی دہلی۔ چینی میڈیا نے کہا ہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان کورکمانڈر سطح کی 14 ویں مرحلے کی بات چیت مثبت رہی اور دونوں فریقوں نے استحکام برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔چینی میڈیا نے کہا ہے کہ تاہم دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات برقرار ہیں اور ملاقات کا کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکلا۔ چینی اخبارگلوبل ٹائمز نے مذاکرات کے 14ویں دور کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا، جب کہ اس سے قبل ہونے والی بات چیت میں ایسا نہیں کیا جا سکتا تھا۔

گلوبل ٹائمز نے چینی عسکری ماہرین کے حوالے سے کہا ہے کہ تین ماہ قبل مذاکرات کا 13واں دورکشیدگی کے ماحول میں ختم ہوا تھا۔ تاہم اس بارماحول دوستانہ رہا جوکہ ایک اچھی علامت ہے ۔ یقیناً دونوں فریقوں کے درمیان اختلاف رائے تھا اورکوئی ٹھوس نتیجہ سامنے نہیں آیا۔گلوبل ٹائمز نے مزید لکھاکہ باہمی گفت و شنید ہمیشہ ٹکراوو تصادم سے بہتر ہوتا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان کمانڈر سطح کی ملاقات سے سوالات کے عملی حل میں مدد ملے گی۔اخبار نے کچھ معاملات پر ہندوستان کے موقف کی بھی تعریف کی اورکہاکہ ہندوستان نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کی مہم میں امریکہ جیسے مغربی ممالک کی طرح حصہ نہیں لیا کیونکہ ہندوستانی حکومت نے پڑوسی پہلے کی پالیسی پر عمل کیا۔

اخبار نے لکھا کہ ہندوستان کچھ چینی سرمایہ کاری پر پابندیوں میں نرمی پر بھی غورکررہا ہے ۔گلوبل ٹائمز نے ایک ماہرکا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہندوستان سمجھ گیا ہے کہ سرحدی مسئلے کو حل کرنے کے علاوہ، وہ بین الاقوامی مسائل، معیشت اور تجارت جیسے دیگر کئی شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کرسکتا ہے ۔گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دونوں ممالک موسم سرما کے دوران استحکام اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں کیونکہ اس سے حادثات اور تصادم کا خطرہ کم ہو جائے گا۔

اہم بات یہ ہے کہ جمعرات کو دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ وہ اس سے قبل ہونے والی بات چیت کے نتائج پر مضبوط موقف اختیارکریں گے ۔ گزشتہ مذاکرات میں کوئی مشترکہ بیان جاری نہیں کیا گیاتھا، پھر الگ الگ بیانات جاری کیے گئے جس میں ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات لگائے گئے ۔