Friday, May 17, 2024
Homeاسپورٹسہند ۔ ویسٹ انڈیز حیدرآباد میں ٹی 20 میچ ، مسابقتی مقابلے...

ہند ۔ ویسٹ انڈیز حیدرآباد میں ٹی 20 میچ ، مسابقتی مقابلے کی امید

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد ۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور اس مقابلہ میں ہندوستانی اوپنر کے ایل راہول اور رشپھ پنت پر تمام تر توجہ مرکوز ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اس سیریز کو اہمیت کی حامل قرار دے رہی ہے کیونکہ آسٹریلیا نے آئندہ برس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کھیلا جائے گا جس میں ویسٹ انڈیز اپنے خطاب کا دفاع کرے گی۔ زخمی اوپنر شکھردھون کی عدم موجودگی میں کے ایل راہول کو یہ سیریز اہمیت کی حامل ہوچکی ہے کیونکہ وہ عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے مظاہرے دکھاتے ہوئے ٹیم میں مستقل مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

راہول جنہوں نے بین الاقوامی ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 42.74 کی اوسط سے 31 مقابلوں میں 974 رنز اسکور کئے ہیں۔ راہول کے علاوہ ایک اور انفرادی توجہ کے مرکز کھلاڑی رشپھ پنت ہے جن کی صلاحیتوں کی بنیاد پر انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے لیکن حالیہ دنوں میں وہ اپنے معیار کے مطابق مظاہرے نہیں کر پائے ہیں جس کی وجہ سے ان پر شدید تنقید بھی کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ٹیم نے سنجوسامسن کو شامل کئے جانے کے بعد پنت پر بہتر مظاہرہ کیلئے اور ٹیم میں اپنے مقام کو برقرار رکھنے کیلئے مزید دباؤبڑھ چکا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی قیادت ہندوستان میں پہلی مرتبہ تجربہ کار آل راونڈر کیرن پولارڈ کررہے ہیں حالانکہ ان کی قیادت میں لکھنومیں افغانستان کے خلاف منعقدہ تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں مہمان ٹیم کو 2-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ ویسٹ انڈیز میں ہٹ مائر اور پورن کے علاوہ تجربہ کار شائی ہوپ شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے جوکہ اپنی تیز رفتار بیٹنگ کے لئے مشہور ہیں۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ سے قبل میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایک بولر کیلئے مقام موجود ہے کیونکہ جسپریت بمرا، بھونیشور کمار اور محمد سمیع یقینی طور پر اپنی جگہ ٹیم میں پکی کرواچکے ہیں۔

 کوہلی یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کوہلی نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی جو تیاری چل رہی ہے اس مناسبت سے کھلاڑیوں میں بہتر مسابقت موجود ہے اور فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایک بولر کیلئے ہنوز موقع ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ واضح ہوچکا ہیکہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں کمار، بمرا اور سمیع کا مقام یقینی دکھائی دے رہا ہے جبکہ دیپک چہر نے حالیہ دنوں میں بہترین مظاہرہ کیا ہے۔

 محمد سمیع کے متعلق کوہلی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سمیع کے مظاہرے انتہائی شاندار رہے اور آسٹریلیائی وکٹوں پر سمیع کی صلاحیتوں سے کافی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ نیز ان کا تجربہ اور خاص کر ان کے یارکرس سے اختتامی اوورس میں رنز کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ نیز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں چہر کے مظاہروں نے کافی متاثر کیا ہے اور امید ہیکہ وہ اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔