Sunday, May 19, 2024
Homesliderہوا کی رفتار میں کمی ، پتنگ بازی کے شوقین افراد کو...

ہوا کی رفتار میں کمی ، پتنگ بازی کے شوقین افراد کو مایوسی ،سنکرانتی کا جوش متاثر

- Advertisement -
- Advertisement -

حیدرآباد۔ تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سنکرانتی کافی جوش وخروش سے منایا جاتا ہے اور تقریباً شہر اور دیہاتوں میں پتنگ بازی محبوب مشغلہ ہوتا ہے لیکن سنکرانتی  کے آج ہفتہ کو پہلے دن پتنگ بازی کے شوقین افراد کو کافی مایوسی ہوئی کیونکہ ریاست تلنگانہ میں گزشتہ دو دنوں سے بارش ہورہی تھی ۔

شہر حیدرآباد اور سکندآباد میں حالانکہ بارش کا ہفتہ کو کوئی اثر نہیں تھا اور مطلع صاف تھا لیکن ہوا کی رفتار انتہائی دھیمی رہی جس کی وجہ سے پتنگ باری کا مزا دوبالا نہ ہوسکا ۔ہفتہ کو دنوں شہروں میں نوجوان اور خاندانوں کے افراد صبح سے ہی پتنگ بازی کی تیاریاں کررہے تھے  لیکن سورج کے پوری آب وتاب کے ساتھ آسمان پر آنے کے باوجود اکثر گھروں کے چھتوں پر پتنگ بازی کےلئے نوجوانوں اور دیگر افراد کو کافی مشقت کرتے دیکھا گیا کیونکہ ہوا کی رفتار تیز  نہ ہونے کی وجہ سے پتنگیں آسمان میں بلندیوں پر نہیں پہنچ رہی تھی ۔

اس ضمن میڈیا نمائندہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈی راکیش نے کہا کہ صبح سے ہی ہوا تیز نہ ہونے کی وجہ سے ان کے افراد خاندان پتنگ بازی کا لطف نہیں لے پارہے تھے اور تقریباً دو تین گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے باوجود وہ پتنگ بازی کا مزا نہیں لے پارہے تھے ۔اس جدوجہد کے دوران جب دوپہر کو گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا توہم نے آرام کرنے کو ترجیح دی اور گمان کیا کہ شاید سہ پہر کو ہوا کی رفتار میں تیزی آئے گی لیکن شام تک بھی اس میں کوئی بہتر ی نہیں آئی جس سے ہمیں اور دیگر افراد کو کافی مایوسی ہوئی ہے ۔ ان کے ساتھ گھر کی تیسری منزل سے پتنگ بازی کی کوشش کرنے والے ان کے دوست شیخ اکرم نے کہا کہ ہفتہ کا دن تو ایسے ہی ختم ہوگیا لیکن امید کرتے ہیں کہ اتوار کے دن ہوا کے میعار اور رفتار میں اضافہ ہوگا اور اہم چھٹی کے دن پتنگ بازی کا لطف لے سکیں گے۔

یادر ہے کہ تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گزشتہ چند دنوں سے وقفہ وقفہ سے باری ہوئی ہے اور دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کی وجہ سے جنوری 14 اور 15 کو موسم کے حالات میں معمول کے برعکس تبدیلی دیکھی گئی کیونکہ عام طور پر 14 اور 15 جنوری کو تلنگانہ میں جو موسم ہوتا ہے اس میں ہوا کی رفتار کافی بہتر اور تیز ہوتی ہے او رپتنگ بازی کےلئے یہ موسم کافی موزوں ہوتا ہے  لیکن اس مرتبہ حالات مختلف رہے اور پتنگ بازی کے شوقین افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ ا ہے۔