Friday, May 3, 2024
Homesliderیورپی مسلم ملک کوسووو اور اسرائیل میں بھی سفارتی تعلقات بحال

یورپی مسلم ملک کوسووو اور اسرائیل میں بھی سفارتی تعلقات بحال

- Advertisement -
- Advertisement -

پریشتینا ۔ اسرائیل  کے ساتھ ان دنوں مسلم ممالک کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کا ایک سلسلہ چل رہاہے اور اب  اس میں ایک اور اضافہ ہوا ہے جیسا کہ مسلم اکثریتی والے ملک کوسووو نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کے علاوہ اسرائیل میں سفارت خانہ بھی قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

اسرائیل اور مسلم اکثریتی یورپی ملک کوسووو نے آج باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے۔تفصیلات کے مطابق دونوںممالک  نے کورونا وائرس کی وجہ سے آن لائن ویڈیو ملاقات   کے ذریعہ  سفارتی تعلقات کی تقریب میں شرکت کی جس میں سفارتی تعلقات کے دستاویزات پر دستخط کیے گئے ۔ اس معاہدہ کے بعد اب کوسووو یروشلم میں اپنا سفارت خانہ قائم کرے گا۔

علاوہ ازیں  اسرائیل اس چھوٹے یورپی  ملک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کوامریکہ کے  سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ وسیع تر تعلقات کی کوشش کے ایک حصہ کے طور پر دیکھ رہاہے ۔یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ سال ستمبر میں کوسووو اور سربیا کے درمیان معاشی معاہدے کے دوران اسرائیل اور کوسووو کے مابین تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس معاہدے کی بنیاد پر سربیا نے بھی یروشلم میں سفارت خانہ قائم کرنے  پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

کوسووو اور اسرائیل کے درمیان منعقدہ اس آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ دستخط کی تقریب میں اسرائیلی وزیر خارجہ گابی اشکینازی نے کہا کہ یہ نئے تعلقات تاریخی  اہمیت کے حامل  ہیں اور خطے میں تبدیلی کے علاوہ  عرب اور مسلم ممالک سے اسرائیل کے تعلقات کی ترجمانی  کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک صرف دو ممالک امریکہ اور گوئٹے مالا نے  یروشلم میں سفارت خانے  قائم کئے ہیں جبکہ ہونڈورس اور ملاوی نے بھی اپنے سفارت خانے کھولنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔